خبریں

امریکہ وسط مدتی انتخابات: اتر پردیش کی بیٹی صبا حیدر نے لہرایا فتح کا پرچم، نئی تاریخ رقم

صبا حیدر گزشتہ تقریباً 20 سالوں سے اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ کی ریاست الینوائے میں رہ رہی ہیں۔ وہ طویل عرصہ سے مقامی سطح پر سماجی سرگرمیوں اور عوامی خدمت سے وابستہ رہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>صبا حیدر / سوشل میڈیا</p></div>

صبا حیدر / سوشل میڈیا

 

اتر پردیش کے بلند شہر کی رہنے والی صبا حیدر نے امریکہ میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ہند نژاد صبا حیدر نے 71.8 فیصد ووٹ حاصل کر فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ انہوں نے الینوائے ریاست کے 84ویں ڈسٹرکٹ حلقہ سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا۔ اس مقابلے میں انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار برائن اسکوپا کو بڑے فرق سے شکست دی۔

صبا کی اس جیت کو اس لیے بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے کہ وہ الینوائے جنرل اسمبلی میں پہنچنے والی پہلی جنوبی ایشیائی تارک وطن خاتون بن گئی ہیں۔ یعنی صبا نے اس فتح کے ساتھ ایک نئی تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔ اس کامیابی کے بعد بلند شہر کے قصبہ اورنگ آباد سے امریکہ تک کا ان کا سفر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ ان کی کامیابی سے اتر پردیش میں رہنے والے ان کے اہل خانہ اور رشتہ دار بھی کافی خوش ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ صبا حیدر گزشتہ تقریباً 20 سالوں سے اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ کی ریاست الینوائے میں رہ رہی ہیں۔ وہ طویل عرصہ سے مقامی سطح پر سماجی سرگرمیوں اور عوامی خدمت سے وابستہ رہی ہیں۔ سیاست میں آنے سے پہلے انہوں نے ڈوپیج کاؤنٹی بورڈ کی رکن کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے۔ کاؤنٹی بورڈ میں کام کرتے ہوئے انہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل کو سمجھا اور ان کے درمیان اپنی پہچان بنائی۔ اسی تجربے نے ان کے سیاسی سفر کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔ اب انتخابات میں بڑی جیت کے بعد وہ الینوائے کی سیاست میں نئی ذمہ داری سنبھالیں گی۔

صبا حیدر کی جیت کی خبر جیسے ہی اتر پردیش پہنچی، ان کے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ان کے والد سید علی حیدر نے بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ان کے خاندان کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہے۔ بہرحال، صبا کے شوہر امریکہ میں سافٹ ویئر انجینئر ہیں۔ ان کے خاندان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ ان کے خاندان کے دیگر افراد غازی آباد میں رہتے ہیں۔ بلند شہر کے ایک چھوٹے سے قصبہ سے نکل کر امریکہ کی سیاست میں اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنا صبا کے لیے ایک خاص حصولیابی ہے۔ ان کی جیت سے ان کے آبائی علاقے کے لوگ بھی کافی پرجوش ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔