خبریں

’ٹیسلا‘ نے اڑنے والی کار کا کرایا دیدار، ہوا میں پلٹنے کے بعد زمین پر لینڈ کرتی ہوئی کار کی ویڈیو وائرل

مسک نے بتایا کہ روڈسٹر کا پروڈکشن 2028 میں شروع ہوگا۔ کار کی بکنگ کے لیے مجموعی طور پر 50 ہزار ڈالر، یعنی تقریباً 48 لاکھ روپے بطور ڈپازٹ ادا کرنے ہوں گے۔

<div class="paragraphs"><p>فلائنگ کار، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

فلائنگ کار، تصویر سوشل میڈیا

 

ایلن مسک کی کمپنی ’ٹیسلا‘ نے آج (16 اکتوبر) لوگوں کو اڑنے والی کار کا دیدار کرایا۔ اس مظاہرہ کے دوران دوسری جنریشن کی روڈسٹر کار ایک بڑے خم دار ریمپ پر اوپر کی جانب بڑھی اور الٹی ہو گئی۔ اس کے بعد یہ ریمپ سے ہوا میں اڑی، ہوا میں ہی قلابازی کھانے کے بعد زمین پر بحفاظت اتر گئی۔ اس کار میں راکٹوں میں استعمال ہونے والے تھرسٹرز لگائے گئے ہیں۔ ان کی مدد سے یہ کار الٹی ہو کر چل سکتی ہے اور ہوا میں گھوم بھی سکتی ہے۔ یہ کار محض 0.81 سیکنڈ میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار بھی حاصل کر سکتی ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق اس کار کا پروڈکشن 2028 میں شروع ہوگا۔

اس کار کی کامیاب لینڈنگ کے بعد ایلن مسک نے کہا کہ ’’چلیے، یہ کام کر گیا۔‘‘ مسک نے اس کار کو ’ٹیسلا‘ اور ’اسپیس ایکس‘ کے انجینئرز کے ساتھ مل کر کی گئی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ کار خود کو اوپر اٹھانے کے لیے ایک جدید الٹرا ہائی پریشر ایئر ٹینک کا استعمال کرتی ہے۔ کار میں ہوا میں کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے ’ایلٹی ٹیوڈ تھرسٹرز‘ اور پچھلی جانب ’مین تھرسٹرز‘ لگے ہیں۔ یہ بالکل راکٹ کی طرح اڑ سکتی ہے اور ہوا میں قلابازیاں بھی کھا سکتی ہے۔

اس تقریب میں جب ایک ناظر نے پوچھا کہ کیا یہ کار عام سڑکوں پر چلانے کے قابل ہے؟ تو مسک نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کی سڑک کیسی ہے۔‘‘ تاہم، انہوں نے فوراً واضح کیا کہ استعمال کے لحاظ سے یہ ایک عملی کار ہی ہوگی۔ مسک نے یہ بھی بتایا کہ روڈسٹر ٹیسلا کی واحد ایسی کار ہوگی جسے صرف دستی طور پر، یعنی مینوئلی چلایا جا سکے گا۔ اسے انتہائی اعلیٰ حفاظتی معیار کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن نہیں کیا گیا ہے۔

مسک نے بتایا کہ روڈسٹر کا پروڈکشن 2028 میں شروع ہوگا۔ کار کی بکنگ کے لیے مجموعی طور پر 50 ہزار ڈالر، یعنی تقریباً 48 لاکھ روپے بطور ڈپازٹ ادا کرنے ہوں گے۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ پوری رقم 100 فیصد واپس کی جا سکتی ہے۔ تاہم، مسک کا کہنا ہے کہ وہ اس کار پر مسلسل کام کر رہے ہیں اور حتمی پروڈکشن کار میں میک 0.5، یعنی تقریباً 617 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کے ہدف کو پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ یہ رفتار موجودہ ابتدائی ٹیسٹ یا پروٹوٹائپ ماڈل کی رفتار سے کہیں زیادہ ہوگی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔