
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نیپال میں آئے تباہ کن سیلاب پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، جنہوں نے اس سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’میں نے وزیر اعظم بالیندر شاہ سے بات کی اور نیپال میں آئے سیلاب کے باعث جان گنوانے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس مشکل وقت میں ہندوستانی عوام نیپال میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہندوستان نیپال کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہماری ٹیمیں بچاؤ اور راحت کی کارروائیوں کے لیے قریبی تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔‘‘
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’نیپال میں اچانک آئے تباہ کن سیلاب کے باعث میں گہری تشویش میں مبتلا ہوں، جہاں ہندوستانی مسافروں سمیت سینکڑوں افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ جان گنوانے والوں کے سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت ہے۔ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اپنے عزیزوں کی خبر کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں ہندوستانی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ نیپالی حکام کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ لاپتہ ہندوستانی شہریوں کا پتہ لگانے اور ان کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔ میں نیپال کے عوام اور اس المناک آفت سے متاثر ہونے والے تمام لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘‘
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’نیپال میں خوفناک سیلاب کی وجہ سے ہوئی تباہی کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ جن لوگوں نے اپنے اہل خانہ کو کھو دیا ہے، ان کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ 100 سے زائد ہندوستانیوں سمیت سینکڑوں مسافروں کے لاپتہ ہونے کی افسوسناک خبریں ہیں۔ ایشور سے ان سب کی خیریت کی دعا کرتی ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ہندوستانی حکومت سے میری اپیل ہے کہ لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے کے لیے فوری طور پر مہم چلائی جانی چاہیے۔ ساتھ ہی، نیپال کے عوام کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کی جانی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل نیپال میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے ہندوستانی شہریوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے ہیں۔ 2 ہیلپ لائن نمبر +9779851316807 اور +9779709107500 ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بدھ کی علی الصبح نیپال کے راسووا میں بھوٹےکوشی ندی میں اچانک پانی کی سطح بڑھ گئی اور سیلابی پانی کناروں کو اپنی زد میں لیتا گیا۔ ’نیپال ٹورزم بورڈ‘ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 384 مسافر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاپتہ افراد میں سے 291 غیر ملکی شہری ہیں۔ ان میں ہندوستان کے 105 شہری بھی شامل ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔