کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ وجے دشمی کے موقع پر دہلی میں نو شری دھارمیک لیلا کمیٹی کی طرف سے منعقد رام لیلا میں شامل ہوئے، دونوں رہنماؤں نے تیر چلا کر راون کے پتلے کا دہن کیا، اس موقع پر کانگریس رہنما جے پی اگروال بھی موجود تھے۔
جھنجھنو: راجستھان میں جھنجھنو ضلع کے گجرواس گاؤں میں آج درگا کی شوبھاياترا میں شامل شردھالوؤں پر شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا جس سے 50 سے زائد شردھالو زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق شردھالو گجرواس گاؤں میں درگا کی مورتی وسرجن کے لئے جا رہے تھے کہ ریکو کے قریب پہنچتے ہی شہد کی مکھیوں کا چھتہ ان پرجاگرا۔ دراصل شوبھاياترا میں ڈی جے کی آواز کی وجہ سے یہ چھتہ ٹوٹ کر گرا اور پھر شہد کی مکھیوں نے ان شردھالوؤں پر حملہ کردیا جس سے وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ شہد کی مکھیوں کے حملے سے تقریباً پانچ درجن شردھالووں کو اسپتال پہنچایا گیا جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شامل تھے۔
اوریا: اترپردیش کے ضلع اوریا کے اچھلدا علاقے میں منگل کو ایک سائیکل مکینک کی لاش مشتبہ حالات میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملنے سے آس پاس کے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ گرام سبھان پور باشندہ پنکج کمار(18) اپنے ہی مکان پر سائیکل مرمت کا کام کرتا تھا۔ پیر کی رات وہ کھانا کھا کر اپنے کمرے میں سونے چلا گیا۔ منگل کی صبح اس کی لاش پلاسٹک کے پائپ سے لٹکی ملی۔ متوفی کے جسم اور پیر وغیرہ پر چوٹ کے نشان ہیں۔ والد شنت کمار نے بیٹے کے قتل کیے جانے کا الزام لگایا ہے۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ پنکج جب سو رہا تھا تبھی کچھ لوگ چھت سے ہوکر اس کے مکان کے اندر گھس گئے اور اس کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے بعد اسے نیم مردہ حالت میں پلاسٹک کے پائپ کا پھانسی کا پھندا بنا کر کمرے میں ہی اسے لٹکا کر فرار ہوگئے۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے پہلی نظر میں یہ معاملہ خودکشی کا لگ رہا ہے لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ وا ہل خانہ کی تحریر کی بنیاد پر آگے کی کاروائی کی جائےگی۔
بلیا: اترپردیش کے ضلع بلیا کے چلہر گاؤں میں ٹرین کی زد میں آنے سے ساس بہو کی موت ہوگئی۔ اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس سجے یادو کے مطابق گڑوار تھانہ علاقے کے چلکہر گاؤں کے دیونتی دیوی (58) اپنی بہو مینا دیوی (35) کے ساتھ منگل کی علی الصبح قضائے حاجت کے لئے گئی تھیں۔ اس دوران دونوں خواتین ٹرین کی زد میں آگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولس نے دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
راجستھان کے دھولپور واقع دہولی تھانہ علاقہ میں مورتی وسرجن کے دوران بڑا حادثہ ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق محمد پورا کے پاس مورتی وسرجن کے دوران چنبل ندی میں 5 نوجوان بہہ گئے۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب مورتی کو وسرجن کے لیے نوجوان گہرے پانی میں لے گئے۔ اس دوران پانی کے تیز بہاو میں پانچوں نوجوان بہہ گئے۔ موقع پر انتظامیہ کی ٹیم پہنچ گئی ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
افغانستان کے غزنی شہر واقع پی ڈی 3 میں واقع غزنی یونیورسٹی کے اندر ایک زبردست دھماکہ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس دھماکہ میں کم از کم 8 طالبات زخمی ہوئی ہیں جنھیں قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔
حیدرآباد: ابلتے ہوئے تیل میں گرنے سے ڈھائی سالہ لڑکی کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے پیشرو ضلع ورنگل کے مُلگ میں پیش آیا۔مُلگ کے سب انسپکٹر بی راجو کے مطابق نریش نامی شخص کی ڈھائی سالہ لڑکی دسہرہ منانے کے لئے اپنی دادی کے مکان آئی تھی۔اس فیسٹیول کے لئے خصوصی ڈشس کی تیاری کی جارہی تھی کہ انوسری نامی یہ لڑکی اپنی ماں کے پاس بھاگتی ہوئی ہے اور اس کا پیر پھسل گیا جس کے نتیجہ میں وہ ابلتے ہوئے تیل میں گر گئی۔شدید طورپر جھلس جانے سے اس کی موت ہوگئی۔انوسری کے باپ کی شکایت پر پولیس نے ایک معاملہ درج کرلیا۔
پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے ستّر کلو میٹر مسافت پر تھانہ ہتھگواں علاقے کے موضع چینی کا پوروا میں گزشتہ شب ایک مذہبی تقریب میں معمولی تنازعہ کے سبب ہوئی فائرنگ میں گولی لگنے سے پرساد لینے آیا ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ مغربی دنیش دیویدی نے بتایا کی چینی کا پوروا گاوں میں گزشتہ شب منعقد مذہبی تقریب میں تلسی رام یادو 42 پرساد لینے آیا تھا ۔جہاں گاوں کے ڈاکٹر وجئے یادو نے معمولی کہا سنی پر طمنچے سے تلسی رام یادو کو گولی مار دی ۔وہیں شدید زخمی حالت میں اس کو علاج کیلئے مقامی اسپتال لایا گیا ۔ڈاکٹروں نے نازک حالت دیکھتے ہوئے پریاگراج ریفر کر دیا ۔پولیس وقوعہ کی ملزم وجئے یادو کے خلاف قاتلانہ حملے کا کیس درج کر تحقیقات کر رہی ہے۔
سیتاپور: یوگی راج میں جرائم کے واقعات لگاتار بڑھتے ہی جا رہے ہیں اور کسانوں پر مظالم کا تو سلسلہ لگاتار دراز ہی ہوتا جا رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اترپردیش میں ضلع سیتاپور کے رام كوٹ علاقے میں نامعلوم حملہ آور نے موٹر سائیکل سوار ایک کسان کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولس ذرائع نے منگل کو بتایا کہ پيپری کلا کا رہنے والا 45 سالہ کسان شرون ورما پیر کی شام کے وقت موٹر سائیکل پر سوار اپنے کھیت کی طرف جا رہا تھا۔ راستے میں نامعلوم افراد نے انہیں گولی مار دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ اس سلسلے میں معاملہ درج کرا دیا گیا ہے۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
گورکھپور: اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے 7 اکتوبر کو یہاں کہا کہ اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا ہم خیرمقدم کریں گے۔ مسٹر یوگی نے پانچ روزہ دورہ یہاں گورکھپور مند رمیں نوراتر کے موقع پر پوجا کرنے کے بعد پیر کو نامہ نگاروں سے کہا کہ عدالت کے فیصلہ کوتمام کو ماننا چاہئے اور سیکڑوں برسوں سے چلے آرہے رام مندر تنازعہ کا نپٹارہ ہونا چاہئے۔ خیال رہے کے دو دن پہلے گورکھپور میں منعقدہ مراری باپو کی رام کتھا میں رام جنم بھومی کا نام لئے بغیر مسٹر یوگی نے کہا تھا کہ جلد ہی شری رام پر خوشخبری آنے والی ہے۔
جموں و کشمیر کے اونتی پورہ کے باہری علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تصادم میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا ہے۔ موقع پر سیکورٹی فورسز نے ہتھیار اور گولہ و بارود بھی برآمد کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پورے علاقے میں سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Oct 2019, 9:11 AM IST