خبریں

اہم خبر: لکھنؤ سے 300 عازمین حج کا قافلہ مکہ مکرمہ کے لئے روانہ

دہلی میں 16 سالہ بچے کی چوری کے شک میں کچھ لوگوں نے موب لنچنگ کر دی۔ اس واقعہ کی خبر پھیلنے کے بعد پولس نے 6 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

لکھنؤ سے 300 عازمین حج کا قافلہ مکہ مکرمہ کے لئے روانہ

لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنٔو کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے سنیچر کے روز 300 عازمین حج نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کے لئے پرواز کی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صبح چھ بجکر 18 منٹ پر اموسی ایئرپور سے روانہ ہونے والے بیسویں قافلے میں 157 مرد اور 143 خواتین عازمین حج شامل ہیں۔ اس پرواز میں سب سے زیادہ 292 عازمین حج کا تعلق بریلی سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 21 ویں پرواز اتوار کو 8 بجکر 25 منٹ پر اموسی ایئرپورٹ سے روانہ ہوگی جس میں 152 مرد ااور 148 خواتین عازمین حج شامل ہوں گے۔ اس پرواز سے سب سے زیادہ 164 عازمین حج کا تعلق فیض آباد سے اور 136 کا فتح پور سے ہے۔ لکھنٔوں سے 22 ویں پرواز کل رات 11 بجکر 25 پر روانہ ہوگی جس میں 162 مرد اور 138 خواتین شامل ہیں۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

مہالکشمی ایکسپریس سے 1200 مسافروں کومحفوظ نکالا گیا

ممبئی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں مانسون کے دوران ہوئی بھاری بارش کی وجہ سے بدلاپور اور وانگي اسٹیشنوں کے درمیان گزشتہ 15 گھنٹوں سے پٹری پر پھنسی 17411 ڈاؤن مہالکشمی ایکسپریس ٹرین میں پھنسے 1200 سے زیادہ مسافروں کو محفوظ نکالا جا چکا ہے۔

مرکزی وزارت داخلہ کی ترجمان وسودھا گپتا نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسکیو فورس (این ڈی آر ایف)، فوج، فضائیہ، بحریہ، ریلوے اور ریاستی انتظامیہ کی کوششوں سے مہالکشمی ایکسپریس ٹرین سے 1200 سے زیادہ مسافروں کو بچا یا جا چکا ہے جن میں نو حاملہ خواتین شامل ہیں۔ وزارت داخلہ حالات پر قریبی سے نظر رکھے ہوئے ہے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے ساتھ ایمبولینس کا بندوبست کیا گیاہے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

کرناٹک اسمبلی کا اہم اجلاس پیر سے، یدی یورپا پیش کریں گے تحریک اعتماد

بنگلور: کرناٹک اسمبلی کے پیر کو ہونے والے اہم اجلاس میں وزیر اعلی بی ایس یدیورپا کو تحریک اعتماد کے دوران اکثریت کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ ایوان میں فنانس بل پیش کریں گے۔

ایک ہفتہ کے اندر اعتماد کے ووٹ پر ووٹنگ کا یہ دوسرا موقع ہوگا۔ اس سے قبل منگل کو سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی کے پیش کردہ تحریک اعتماد میں ووٹنگ میں ان کی حکومت گر گئی تھی۔

اسمبلی کے اسپیکر کے آر رمیش کمار نے آج تک 13 باغی اراکین اسمبلی کے بارے میں اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ کمار نے دسویں شیڈول کے تحت اپنے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے غیر مطمئن کانگریسی ایم ایل اے رمیش زرکیہولی اور مہیش کمتالی کے خلاف کانگریس پارٹی سے دائر شکایت کی بنیاد پر دونوں کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ کچھ دن میں 10 کانگریس اور جنتا دل (سیکولر) کے تین اراکین اسمبلی کے استعفوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ باقی باغی ایم ایل اے کے استعفی کے بارے میں جلد ہی فیصلہ کرسکتے ہیں اور یہ پیر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس سے قبل ہوسکتا ہے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

ملازمت کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والی تین خاتون ملازمین معطل

حیدرآباد: ملازمت کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے ملازمین کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہا ہے۔سکندرآباد کے گاندھی اسپتال میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے میڈیکل طلبہ کو معطل کرنے کے ایک دن کے بعد تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا۔

ڈسٹرکٹ میڈیکل ڈپارٹمنٹ میں کام کرنے والی تین خاتون ملازمین نے ٹک ٹاک ویڈیو کام کے دوران بنایا۔ اس طرح انہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔ جونیر اسسٹنٹ کے طورپر کام کرنے والی دیویا منی، سمتا لیب اسسٹنٹ جیا لکشمی نے کام کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنایا اور اسے سماجی رابطہ کی سائٹ پر پوسٹ کر دیا۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا۔ اس مسئلہ پر حکام نے ان کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرنے کا پہلے فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں ان کو حکام نے معطل کر دیا۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

اتراکھنڈ: دو فرضی سبی بی آئی افسر گرفتار

نینی تال: اتراکھنڈ کے نینی تال میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے دو فرضی افسر پکڑے گئے ہیں۔ دونوں ملزمین سی بی آئی کے نام پر دبدبہ اور ساز باز کرکے بڑی سازش کو انجام دینے کی کوشش میں تھے۔ پولیس نے اس سے پہلے ہی انہیں گرفتار کر لیا۔ عدالت نے دونوں کو جیل بھیج دیا ہے۔ مليتال تھانے کے انچارج اشوک کمار سنگھ نے بتایا کہ دونوں ملزمین محمدآصف اور اسید پاشا اترپردیش کے شہر مراد آباد کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں نینی تال کے چارٹنالاج علاقے میں رہ رہے تھے۔ انہوں نے سی بی آئی کے فرضی افسر کے طور پر علاقے میں اپنا دبدبہ بنایا ہوا تھا۔ جب پولیس کو اس کی اطلاع ملی تو انہوں نے ان پر نگاہ رکھنی شروع کر دی تھی۔ پولیس نے ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو موقع سے چونکانے والے حقائق برآمد ہوئے۔ ان دونوں نے پہلے سی بی آئی کے نام پر پولیس پر دبدبہ بنانے کی کوشش کی لیکن پولیس کی سختی کے بعد دونوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ ان کے پاس سے پولیس کو سی بی آئی اورکسٹم کے نام سے کچھ فرضی دستاویزات ملے ہیں۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

29 سے 30 جولائی تک کرناٹک اسمبلی کے 2 کلو میٹر دائرہ میں دفعہ 144 نافذ

بنگلورو کے پولس کمشنر آلوک کمار نے بتایا کہ کرناٹک اسمبلی کے 2 کلو میٹر کے دائرے میں دفعہ 144 لگائی گئی ہے۔ 29 جولائی سے 30 جولائی کی درمیانی شب تک یہاں دفعہ 144 نافذ رہے گا۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

آئی آئی ٹی دہلی کیمپس میں ایک خاندان کے 3 ارکان کی لاشیں برآمد

نئی دہلی: آئی آئی ٹی کیمپس کے اندر واقع ایک فلیٹ میں ایک ہی خاندان کے تین ارکان کے مبینہ طور پر خود کشی کر لینے کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ پولس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ سینئر لیباریٹری اسسٹنٹ گلشن داس، ان کی اہلیہ اور ان کی ماں کامتا کی لاشیں جمعہ کی دیر رات سرکاری کوارٹر کے اندر الگ الگ کمروں میں لٹکتی ملیں۔ پولس نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر کوئی سوسائڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔

پولس کے مطابق جمعہ کی دیر رات گئے فلیٹ کے اندر ہاتھاپائی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ فلیٹ پر پولس کے پہنچے کے بعد انہیں دروازہ اندر سے بند ملا۔ اس کے بعد جب پولس والے اندر داخل ہوئے تو انہوں نے لاشوں کو لٹکتا پایا۔ پولس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اجتماعی خودکشی کا معاملہ ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

بہار: نالندہ میں 70 سالہ بزرگ سادھو کا پیٹ پیٹ کر قتل

راج گیر: بہار میں نالندہ ضلع کے سلاو تھانہ علاقہ کے ایک مندر میں بزرگ سادھو کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کرینا گاوں کے شیو مندر میں 70 سالہ سادھو امیش داس کو کل دیر رات بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں والوں نے قاتل رجنیش عرف چھوٹو کو پکڑ لیا اور جم کر پٹائی کرنے کے بعد پولس کو سونپ دیا۔ امیش داس گزشتہ ڈیڑھ برس سے اس مندر میں پوجا پاٹھ کررہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ امیش داس سے پہلے رام پریت شرن اس مندر میں پجاری تھے۔ دو تین دن پہلے رجنیش نے رام پریت شرن کے ساتھ مار پیٹ کی تھی جس میں پجاری امیش داس نے بیچ بچاو کیا تھا۔ اسی سے ناراض رجنیش نے سادھو کو پیٹ پیٹ کر بے رحمی سے قتل کردیا۔ پولس نے موقع پر قتل میں استعمال کیا گیا گدا برآمد کر کے قاتل رجنیش کو گرفتار کرلیا ہے۔ قاتل کی صرف چار دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔ ملزم نے قبول کیا ہے کہ اس نے ہی پجاری کو قتل کیا ہے۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بہار شریف صدر اسپتال بھیج دی گئی ہے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

جموں و کشمیر میں 10 ہزار اضافی فوج بھیجنا حکومت ہند کا غلط فیصلہ: محبوبہ مفتی

جموں و کشمیر میں اضافی 10 ہزار فوجی بھیجے جانے کے قدم کو ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے غلط ٹھہرایا ہے۔ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ اس قدم سے ریاست کے شہریوں میں ایک خوف پیدا ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر مسئلہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا حل فوج کے ذریعہ تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ حکومت ہند اس سلسلے میں دوبارہ غور کرے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

محمد شامی کو ویزا دینے سے امریکہ نے کیا انکار، بی سی سی آئی کی مداخلت سے سلجھا معاملہ

ہندوستانی کرکٹر محمد شامی کی ذاتی پریشانیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ شامی پر چل رہے پولس کیس کے سبب اب امریکہ نے انھیں ویزا دینے سے انکار کر دیا۔ آخر میں بی سی سی آئی نے مداخلت کی جس کے بعد معاملہ سلجھ سکا۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

دہلی: 16 سالہ بچے کی موب لنچنگ، 6 افراد گرفتار

دہلی میں 16 سالہ بچے کی چوری کے شک میں کچھ لوگوں نے موب لنچنگ کر دی۔ اس واقعہ کی خبر پھیلنے کے بعد پولس نے 6 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آدرش نگر کے لال باغ علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک گھر میں نابالغ لڑکا گھسا اور لوگوں نے اس کی اس قدر پٹائی کی کہ اس نے دم توڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ جمعہ کی صبح کا ہے۔ پولس نے غیر ارادتاً قتل کی دفعہ میں مقدمہ درج کر 6 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 27 Jul 2019, 9:10 AM IST