خبریں

اہم خبر: عراق کی مسجد میں دھماکہ، 10 کی موت، 30 زخمی

ہماچل پردیش واقع کلو میں جمعرات کو ہوئے دردناک بس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے۔ اس واقعہ میں زخمی 34 لوگوں کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

عراق کی مسجد میں دھماکہ، 10 کی موت، 30 زخمی

عراق کی راجدھانی بغداد کے مشرقی حصے میں ایک مسجد میں جمعہ کو دھماکہ ہونے سے 10 لوگوں کی موت ہوگئی اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔

بغداد کی مقامی میڈیا نے ایک نامعلوم سلامتی ذرائع کے حوالے سے آج بتایا کہ بغداد کے مشرقی حصے کے بلدیہ ضلع میں واقع امام مہدی کی مسجد میں ہوئے دھماکہ میں 10 لوگوں کی موت ہوگئی اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ خودکش بیلٹ پہنے ایک دہشت گرد نے اس حملے کو انجام دیا ہے۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

تلنگانہ کے سوریہ پیٹ میں سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ افراد جان پہاڑ درگاہ کی زیارت کے بعد واپس ہورہے تھے کہ سوریہ پیٹ ضلع کے ایم آئی ٹی انجینئرنگ کالج کے قریب ان کے آٹو کو مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری نے ٹکر دیدی۔

مہلوکین کی شناخت38سالہ محبوب باشاہ‘48سالہ افضل باشاہ‘40سالہ غوثیہ بیگم‘35سالہ محمودہ بیگم‘15سالہ ماہین اور 12سالہ مسکان کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ افراد زیارت کے بعد محبوب نگر کے اپنے آبائی گاوں چنتاپلی واپس ہورہے تھے۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔زخمیو ں کو حضورنگر سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا۔وہاں کے ڈاکٹروں کے مشورہ پر بہتر علاج کے لئے زخمیوں کو کھمم کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔دو زخمیوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

اتر پردیش: آگرہ-لکھنؤ سڑک حادثہ میں 3 افراد کی موت

آگرہ: اتر پردیش میں آگرہ کے فتح آباد علاقے میں آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر جمعہ کو تیز رفتار کار کے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرانے سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ لکھنؤ سے آگرہ کی طرف جا رہی ایک تیز رفتار کار لکھنؤ-آگرہ ایکسپریس وے پر سنگ میل 32.2 کے نزدیک ایک کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں کار سوار تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثے کی وجوہات ڈرائیور کو نیند آنا بتائی جا رہی ہے۔ مرنے والوں کے شناختی کارڈ سے ان کی شناخت غازی آباد کے باشندے سچن چوہان، بہار سمستی پور کے باشندے اتل بھاسکر اور پربھاکر پانڈے کے طور پر ہوئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

منریگا کے تحت کام کے دنوں میں اضافہ کرنے کی کوئی تجویز نہیں: مرکزی وزیر

نئی دہلی: مہاتما گاندھی قومی روزگار گارنٹی اسکیم (منریگا) کے تحت مزدوروں کے کام کے دنوں کو بڑھانے کی فوری کوئی تجویز نہیں ہے۔ دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ منریگا مطالبے پر مبنی اسکیم ہے اور اس کے تحت ایک کنبے کو سالانہ 100 دن کا روزگار دیے جانے کی تجویز ہے۔ کام کے دنوں کی تعداد میں اضافہ کی فی الحال کوئی تجویز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کے تحت مختلف ریاستوں میں اجرت بھی مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کے لئے رقومات کی کمی نہیں ہے ۔ حکومت منریگا کے تحت اجرت کی رقم بڑھانے کی کوشش کرے گی۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

مودی بہت اچھے میڈیا منیجر، دگوجے سنگھ

بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر عالمی یوم یوگا کے بہانے تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ بہت اچھے ایونٹ منیجر کے ساتھ ساتھ میڈیا منیجر بھی ہیں۔

سنگھ نے اپنے مسلسل ایک کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ مودی یوگا کی تشہیر کر رہے ہیں۔ یہ اچھا ہے، لیکن یوگا، دھیان ، ’پران یام‘ کئی اقسام کے ہوتے ہیں اور ہر شخص کے جسم کی ساخت پر یہ منحصر ہے کہ کون سا اس کے جسم کے لئے مناسب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے وزیر اعظم اسے میڈیا ایونٹ بنا رہے ہیں، وہ غلط ہے۔ ہر شخص کو اس کے جسم کی ساخت کی بنیاد پر کسی اچھے طبیب کی موجودگی میں ہی یوگا کرنا چاہئے ورنہ ہر یوگا مشق اس کا نقصان بھی کر سکتی ہے ۔

سابق وزیر اعلی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مودی کو اچھا ایونٹ منیجر بتایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس میں یہ بھی شامل کرنا چاہتے ہیں کہ مودی بہت اچھے میڈیا منیجر بھی ہیں۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

الیکشن جیتنے کے لئے ایران کے خلاف جنگی مہم چلا سکتے ہیں ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران كے خلاف جنگ کے پروپیگنڈے کے ذریعہ ملک کو متحد کرکے 2020 کا صدارتی انتخابات جیتنے کے لئے اپنی دعویداری مضبوط کر سکتے ہیں۔ سیاسی اور بین الاقوامی امور کے تجزیہ کاروں نے اسپوتنك کو یہ اطلاع دی۔

ایران کے اسلامی ریوولیوشنری گارڈس کارپس (آئی آر جی سی) نے دعوی کیا ہے کہ اس نے جمعرات کو ایک امریکی انٹیلی جنس ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ اس واقعہ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ٹرمپ نے امریکہ کے انٹیلی جنس ڈرون طیارے کو مار گرانے کے ایران کے دعوے کے بعد ٹویٹ کیا تھاکہ ’’ایران نے بہت بڑی غلطی کر دی ہے‘‘َ۔

امریکی صدر کے اس ٹویٹ کو ایران کو انتباہ دیئے جانے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس ڈرون کی شناخت آركيو ۔4 گلوبل ہاک کے طور پر کی گئی ہے۔ آركيو ۔4 عام طور پر زیادہ بلندی پر پرواز کرتا ہے۔

ٹرمپ نے منگل کے روز فلوریڈاکے آرلینڈو میں ایک بہت بڑی ریلی کرکے سال 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے اپنی تشہیری مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے تقریباً 20 ہزار لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں آج رات سے اپنی دوسری مدت کار کی انتخابی مہم کے لئے آپ کے سامنے کھڑا ہوں‘‘َ۔ ٹرمپ نے ملک کی معیشت، امیگریشن پالیسیوں اور تجارتی نقطہ نظر اور وفاقی عدالتوں کے تعمیر نو کی کوششوں سمیت کئی مسائل کا اپنی تقریر میں ذکر کیا۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

شاہین باغ سے کالندی کنج کی جانب میجنٹا لائن پر میٹرو خدمات بحال

نوئیڈا کے بوٹنیکل گارڈن اور جسولا وِہار (شاہین باغ) کے درمیان دہلی میٹرو ٹرین کی خدمات پھر سے شروع ہو گئی ہیں۔ دہلی کے کالندی کنج میٹرو اسٹیشن کے پاس شاہین باغ کے فرنیچر مارکیٹ میں آج صبح زبردست آگ لگ گئی تھی۔ آگ کی لپٹیں میٹرو کے ستونوں تک پہنچ گئی تھیں جس کے بعد ٹرین خدمات کو کچھ گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ آگ پر قابو پانے کے بعد اب اس لائن پر میٹرو خدمات شروع کر دی گئی ہیں۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

کالندی کنج میں آگ لگنے کے سبب میجنٹا لائن پر میٹرو سروس متاثر

نئی دہلی: دہلی کی لائف لائن میٹرو میجنٹا لائن پر جسولا وہار (شاہین باغ) اور كالندی کنج کے درمیان میٹرو سروس کو جمعہ کی صبح عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ كالندی کنج میٹرو اسٹیشن کے نزدیک فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کی وجہ سے میٹرو سروس کو بند دیا گیا۔ دہلی میٹرو نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’’میجنٹا لائن پر جسولا وہار شاہین باغ اور كالندی کنج کے درمیان میٹرو سروس کو عارضی طور پر کچھ وقت کے لئے بند کر دیا گیا۔ میٹرو اسٹیشن کے نزدیک آگ لگنے کی وجہ سے ایسا کیا گیا۔ تکلیف کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں‘‘۔ جنک پوری مغرب، جسولا وہار اور شاہین باغ کے درمیان میٹرو تھوڑے تھوڑے وقفے پر چل رہی ہے۔ كالندی کنج اور بوٹینکل گارڈن کے درمیان میٹرو سروس عارضی طور پر بند ہے۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

ہماچل پردیش بس حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 44 پہنچی

ہماچل پردیش میں جمعرات کو ہوئے بس حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے جبکہ اس واقعہ میں زخمی تقریباً 34 افراد کا علاج مختلف اسپتالوں میں ہو رہا ہے۔ حادثہ ہماچل پردیش واقع کلو کے بنجار علاقہ میں سرزد ہوا تھا۔ دراصل مسافروں سے بھری ایک بس 500 فیٹ گہری کھائی میں گر گئی تھی جس کے بعد مقامی لوگوں اور پھر سرکاری عملہ نے فوری طور پر راحت کاری کا کام شروع کیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس اندوہناک بس حادثہ پر اظہار غم کیا ہے۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 21 Jun 2019, 9:10 AM IST