
لوک سبھا انتخاب کے چوتھے مرحلہ کے تحت 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 96 سیٹوں پر صبح 7 بجے سے شروع ہوئی ووٹنگ شام 6 بجے ختم ہو گئی۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ کے بعد اب بوتھوں پر ای وی ایم سیل کیے جا رہے ہیں۔ شام 5 بجے تک 62 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع ہے۔
بہار کی مونگیر لوک سبھا سیٹ کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس درمیان کچھ پولنگ مراکز پر پولیس کے ذریعہ آر جے ڈی کارکنان کی پٹائی کا معاملہ سامنے آ رہا ہے۔ ساتھ ہی ووٹرس کے ساتھ بھی غلط سلوک کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس سیٹ پر جنتا دل یو کی طرف سے للن سنگھ اور آر جے ڈی کی طرف سے انیتا کماری انتخابی میدان میں ہیں۔ آر جے ڈی امیدوار انیتا کماری کا کہنا ہے کہ ’’ہمارے مسلم اور یادو ووٹرس کو گھر سے نکلنے نہیں دیا جا رہا۔ اقلیتی خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا جا رہا، ان کے موبائل کو چھینا جا رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’مونگیر لوک سبھا انتخاب میں لگا ایڈمنسٹریشن بکا ہوا ہے، یا پھر دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ کئی مقامات پر بیک ورڈ طبقہ کو فاروارڈ طبقہ ووٹ نہیں کرنے دے رہا۔ ہمارے کئی حامیوں کو پولیس نے پکڑ رکھا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو رپورٹ کیا جائے گا۔‘‘
تلنگانہ کی حیدر آباد لوک سبھا سیٹ سے انتخاب لڑ رہیں بی جے پی امیدوار مادھوی لتا پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ مالک پیٹ پولیس اسٹیشن میں یہ کیس تعزیرات ہند کی دفعہ 171 سی، 186، 501(1)(سی) اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 132 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مادھوی لتا نے ایک پولنگ مرکز پر خواتین کا برقع ہٹا کر شناختی کارڈ چیک کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ یہ ان کا حق ہے۔
صبح 11 بجے تک تمام لوک سبھا سیٹوں پر 24.87 فیصد ووٹنگ ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ مغربی بنگال میں 32.78% اور سب سے کم جموں و کشمیر میں 14.94% رہا۔ اس کے علاوہ آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات میں 23.00 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے اور اڈیشہ میں 23.28 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کی ووٹنگ کے درمیان کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی سے لے کر خواتین نے جدید ہندوستان کی تعمیر میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ آج خواتین کو شدید مہنگائی کا سامنا ہے۔ ایسے میں ہم کانگریس کی جانب سے انقلابی گارنٹیاں لے کر آئے ہیں۔ کانگریس پارٹی مہالکشمی اسکیم کے تحت ہرغریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے دے گی۔
لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے تحت 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 96 سیٹوں پر صبح 7 بجے سے ووٹنگ جاری ہے۔ سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹنگ ہو رہی ہے۔ ووٹنگ کے درمیان لوگوں میں زبردست جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 May 2024, 10:28 AM IST