
کانگریس نے ایک ٹوئٹ میں بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی قیادت والی مرکزی حکومت میں خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کے کچھ لوگوں کے ذریعہ ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہے کہ خاتون مخالف بی جے پی کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آ گیا ہے۔
الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ میں گیان واپی مسجد کے تعلق سے تازہ عرضی داخل کی گئی ہے۔ عرضی گزار نے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیان واپی مسجد میں سروے کے دوران پائے گئے ڈھانچہ کی نوعت پتہ کرنے کے لئے ایک کمیٹی یا کمیشن مقرر کیا جائے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ شیولنگا ہے، جیسا کہ ہندوؤں نے دعوی کیا ہے یا پھر پایا گیا ڈھانچہ ایک فوارہ ہے، جیسا کہ مسلمان دعویٰ کر رہے ہیں۔
دہلی میں شدید گرمی کا دور جاری اور لوگوں کا برا حال ہے۔ گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے منگل کے روز قومی راجدھانی دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لئے آرنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج پنجاب کے مانسا ضلع میں واقع گاؤں موسی پہنچ کر پارٹی کے مقتول لیڈر اور گلوکار سدھو موسی والا کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے موسی والا کے والد بلکور سنگھ کو گلے سے لگا لیا اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ راہل گاندھی نے یہاں سدھو موسی والا کی تصویر پر گلہائے عقیدت بھی پیش کئے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آنجہانی پارٹی لیڈر اور گلوکار سدھو موسیٰ والا کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے ان کی ضلع مانسا کے موسیٰ گاؤں میں واقع رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ راہل گاندھی کے ساتھ پنجاب کانگریس کے صدر راجہ واڑنگ اور پرتاپ واجوہ سمیت متعدد پارٹی لیڈران موجود ہیں۔
دہلی پولیس اداکار سلمان خان کو دھمکی آمیز خط بھیجے جانے کے سلسلے میں جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ بشنوئی نے پوچھ گچھ کے دوران کہا کہ اس معاملے میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں ہے اور وہ نہیں جانتا کہ یہ خط کس نے جاری کیا۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3714 نئے کیسز درج کئے گئے۔ اس دوران 2513 افراد شفایاب ہو گئے جبکہ 7 لوگوں کی جان چلی گئی۔ ملک بھر میں اب کورونا کے 26976 کیسز فعال ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2022, 9:25 AM IST