
’کولمبو سیکورٹی کانکلیو‘، تصویر/آئی اے این ایس
بحر ہند کے خطے میں سمندری سلامتی، دہشت گردی اور سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ہندوستان نے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ مالدیپ میں منعقدہ کولمبو سیکورٹی کانکلیو (سی ایس سی) کی قومی سلامتی کے مشیروں (این ایس اے) کی سطح کی آٹھویں میٹنگ میں رکن ممالک نے 27-2026 کے لیے تعاون کا روڈ میپ منظور کیا۔ اس میٹنگ میں ہندوستان کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال نے شرکت کی۔
وزارت خارجہ (ایم ای اے) نے اس میٹنگ کے اختتام پر جمعرات کو ایک بیان جاری کر کے سی ایس سی کے اہم فیصلوں کے متعلق بتایا۔ بیان میں بتایا گیا کہ مالدیپ نے 25 نومبر کو ولا ناٹیکا پیراڈائز آئی لینڈ میں اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کی میزبانی کی۔ اس میں ہندوستان، مالدیپ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے وفود نے شرکت کی۔ ہندوستان کی نمائندگی این ایس اے اجیت ڈووال نے کی۔ مالدیپ کے قومی سلامتی کے مشیر ابراہیم لطیف، سری لنکا کی وزارت دفاع کے سکریٹری ایئر وائس مارشل سمپتھ تھویاکونتھا اور بنگلہ دیش کے نیشنل ڈیفنس کالج کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل ایم ڈی فیض الرحمان بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ملیشیا نے مہمان ممالک کی حیثیت سے شرکت کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے وزارت خارجہ و تجارت کے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا گروپ کی فرسٹ اسسٹنٹ سکریٹری سارہ اسٹوری اور ملیشیا کی جانب سے قومی سلامتی کونسل کے سمندری سلامتی و خودمختاری ڈویژن کے ڈائریکٹر خیر الاظہر نے نمائندگی کی۔ میٹنگ میں ’کولمبو سیکورٹی کانکلیو‘ کے پہلے سکریٹری جنرل وائس ایڈمرل ایس این گھورمڑے (ریٹائرڈ) نے 20 نومبر 2025 کو نئی دہلی میں منعقدہ ساتویں این ایس اے سطح کی میٹنگ کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
اس دوران ہندوستان، مالدیپ، ماریشس اور سری لنکا نے متفقہ کارروائی پر دستخط کیے اور 27-2026 کے لیے تعاون کا روڈ میپ منظور کیا۔ ماریشس نے ورچوئل طریقے سے اس میں شرکت کی۔ اس روڈ میپ میں تعاون کے 5 اہم شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں سمندری سلامتی اور تحفظ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ، انسانی اسمگلنگ اور سرحد پار منظم جرائم کی روک تھام، سائبر سلامتی اور اہم بنیادی ڈھانچے و ٹیکنالوجی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی امداد اور آفات کے دوران راحت رسانی شامل ہیں۔ رکن ممالک نے تربیت فراہم کرنے، ایک دوسرے کے تجربات اور بہتر طریقۂ کار کا تبادلۂ کرنے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ذریعے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
اجلاس میں علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کو مسلسل مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ بحر ہند کے خطے میں سمندری راستوں کی سلامتی، دہشت گردی، غیر قانونی اسمگلنگ اور ابھرتے ہوئے سائبر خطرات کے چیلنجز کے درمیان کولمبو سیکورٹی کانکلیو ہندوستان سمیت خطے کے ممالک کے لیے سلامتی کے شعبے میں تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔ اس میٹنگ میں منظور کیا گیا نیا روڈ میپ آئندہ 2 برسوں کے دوران رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کو آگے بڑھانے کی سمت متعین کرے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔