خبریں

انڈیگو اور اکاسا ایئر کے بعد ایئر انڈیا نے بھی سعودی عرب کے لیے سبھی پروازوں کی منسوخی کی مدت بڑھائی

مسافروں کو راحت دیتے ہوئے ایئر لائن نے ٹکٹ کی مکمل رقم واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملہ کی حفاظت اس کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایئر انڈیا کی پرواز / آئی اے این ایس</p></div>

ایئر انڈیا کی پرواز / آئی اے این ایس

 

حوثی باغیوں کے ذریعہ سعودی عرب پر کیے گئے حملوں نے حالات کشیدہ بنا دیے ہیں۔ بدلتے ہوئے ان حالات کو پیش نظر رکھ کر ایئر انڈیا نے ریاض، دمام اور جدہ آنے جانے والی اپنی تمام پروازیں 20 اکتوبر تک منسوخ کر دی ہیں۔ اس فیصلہ سے ان مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں جنہوں نے ان شہروں کے لیے ٹکٹ بک کیے ہیں۔ حالانکہ مسافروں کو راحت دیتے ہوئے ایئر لائن نے مکمل رقم واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملہ کی حفاظت اس کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

اس سے قبل 15 اکتوبر کو انڈیگو اور اکاسا ایئر نے سعودی عرب کے لیے اپنی سبھی پروازوں کی منسوخی سے متعلق مدت بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ انڈیگو نے خلیجی ملک میں بدلے حالات کے درمیان سعودی عرب کے لیے اپنی پروازیں 24 اکتوبر تک منسوخ کرنے کی جانکاری دی تھی۔ اکاسا ایئر نے بھی کہا تھا کہ مغربی ایشیا میں موجودہ سیکورٹی حالات کو دیکھتے ہوئے اس نے ریاض آنے جانے والی سبھی پروازوں کی منسوخی 24 اکتوبر تک اور جدہ آنے جانے والی پروازوں کی منسوخی 21 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔

ایئر انڈیا نے بھی قبل میں اپنی پروازوں کو 17 اکتوبر تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن اب اسے بڑھا کر 20 اکتوبر کر دیا ہے۔ ایئر انڈیا کے آفیشیل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’سعودی عرب میں بدلتے حالات کے پیش نظر ریاض، دمام اور جدہ آنے جانے والی ایئر انڈیا کی تمام پروازیں 20 اکتوبر 2026 تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ہم پروازوں کو محفوظ طریقے سے دوبارہ شروع کرنے کو یقینی بنانے کے لیے پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’ان منسوخیوں سے متاثرہ مسافروں کو مکمل رقم واپس کی جا رہی ہے۔ ایئر انڈیا میں ہمارے مسافروں اور عملہ کی حفاظت بدستور ہماری اولین ترجیح ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں اس وقت میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے باعث فضائی سفر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اسی وجہ سے ایئر انڈیا سمیت کئی ایئر لائنز نے سعودی عرب جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ 10 اکتوبر کو ریاض ایئرپورٹ پر حملہ بھی ہوا تھا، جس میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہو گئی تھی۔ ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔