
یمن سے بہ حفاظت نکالے گئے ہندوستانی ملاح، تصویر ’ایکس‘ @IndiaInYemen
یمن میں گزشتہ 2 ہفتوں سے پھنسے 19 ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ یہ تمام ملاح حدیدہ اور صنعاء میں پھنسے ہوئے تھے۔ ہندوستانی سفارت خانہ نے اتوار کو اس سلسلے میں اطلاع دی کہ تمام ملاح محفوظ ہیں اور ان کی صحت بھی ٹھیک ہے۔ وہ ہندوستان واپس لوٹ رہے ہیں۔ بحیرۂ احمر کے آس پاس بڑھتی کشیدگی اور سعودی عرب و یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان جاری تصادم کے دوران ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سفارت خانہ نے اس مہم میں تعاون کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یمن میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ 19 ہندوستانی ملاحوں کو بحفاظت نکالنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ سفارت خانے نے کہا کہ تمام ملاح صحت مند ہیں اور ہندوستان کے لیے نکل چکے ہیں۔ تاہم، ان کے ہندوستان پہنچنے کے وقت یا انہیں نکالنے کے پورے عمل کے بارے میں تفصیلی معلومات نہیں دی گئی ہیں۔ یہ انخلا ایسے وقت میں ہوا ہے، جب چند روز قبل یمن کے ساحل کے قریب ایک کشتی پر سوار 14 ہندوستانی شہریوں کی سلامتی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ 14 شہری ان 19 ملاحوں میں شامل ہیں یا نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 23 اکتوبر کو ہندوستانی سفارتی مشن نے بتایا تھا کہ حدیدہ کے قریب ایک کشتی پر سوار تمام 14 ہندوستانی شہری محفوظ ہیں۔ سفارت خانہ نے کہا تھا کہ وہ واقعہ کے حالات کا پتہ لگانے کے لیے متعلقہ فریقوں کے رابطے میں ہے۔ اس سے قبل بعض عرب میڈیا اداروں نے یمن کے حوثی گروپ کے ترجمان یحییٰ ساری کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ بحیرۂ احمر میں یمن کے ساحل کے قریب یوکر جزیرے کے نزدیک سعودی فوج نے ایک ہندوستانی کشتی کو نشانہ بنایا۔ ساری کے مطابق کشتی میں 14 ہندوستانی سوار تھے اور حوثی جنگجو انہیں بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ حالانکہ ان 14 افراد اور اب بحفاظت نکالے گئے 19 ملاحوں کے درمیان تعلق کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
ہندوستانی شہریوں کا انخلا ایسے وقت میں ہوا ہے جب سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں فریقوں کی جانب سے حملوں اور جوابی کارروائیوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ سعودی عرب نے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے لیے کارروائی کی ہے۔ وہیں سعودی قیادت والے اتحاد نے یمن میں فضائی حملے کیے ہیں۔ اس صورت حال سے خطے میں بڑے تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ 2022 میں جنگ بندی کے بعد اس علاقے میں کچھ عرصہ تک نسبتاً امن رہا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔