
تصویر آئی این سی
نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی، گندگی، پانی کی قلت اور جل بھراؤ جیسے سنگین مسائل کے خلاف ہندوستانی یوتھ کانگریس نے ’بہتر دہلی‘ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت عوام کو راحت دلانے اور سرکار کو جواب دہ بنانے کے لیے جدوجہد کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس مہم کا روڈ میپ کانگریس کے قومی خزانچی اجے ماکن، دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو، یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب اور دہلی یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ یہ مہم صرف ایک سیاسی پروگرام نہیں بلکہ عوامی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے عملی قدم اٹھانے کی کوشش ہے۔
Published: undefined
اجے ماکن نے کہا کہ ملک کے شہری علاقوں میں رہنے والی بڑی آبادی کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 40 فیصد آبادی شہروں میں رہتی ہے، لیکن ان کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ انہوں نے مرکز کی مودی سرکار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منریگا کو کمزور کرنے سے دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی بڑھے گی، جس سے شہری نظام پر مزید دباؤ پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوتھ کانگریس لوگوں کے درمیان جا کر ان کے مسائل کو سمجھے گی اور ان کے حل کے لیے مہم چلائے گی۔
دیویندر یادو نے دہلی کی موجودہ حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود کچرے کے پہاڑ ختم نہیں ہو سکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکار مسئلہ حل کرنے کے بجائے کچرے کو رہائشی علاقوں کے قریب کھلے مقامات پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچرا پراسیسنگ کا نظام بھی ناکام ثابت ہوا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو مستقل پریشانی کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراری، بوانا اور نریلا میں کچرے کے نئے ڈھیر لگائے جا رہے ہیں۔
Published: undefined
انہوں نے بجلی اور پانی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی کٹوتی شروع ہو گئی ہے۔ دہلی کو روزانہ 1500 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت ہے، لیکن صرف 861 ایم جی ڈی دستیاب ہے، جس میں سے 57 فیصد پانی ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ٹینکر مافیا سرگرم ہیں اور عوام کو مہنگے داموں پانی خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی سرکار پر الزام لگایا کہ وہ مختلف ٹیکسوں کے نام پر وصولی تو کرتی ہے، لیکن بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
ادے بھانو چب نے کہا کہ دہلی کبھی سرسبز راجدھانی کے طور پر جانی جاتی تھی، لیکن آج حالات بدل چکے ہیں۔ انہوں نے موجودہ بی جے پی اور سابقہ کیجریوال سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں نے مل کر دہلی کو آلودگی کا مرکز بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی، پانی کی قلت اور جل بھراؤ جیسے مسائل نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
Published: undefined
انہوں نے اعلان کیا کہ یوتھ کانگریس اس مہم کے تحت عوام کے درمیان جائے گی، ان سے سیدھا مکالمہ کرے گی اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکار نے ان مسائل پر توجہ نہیں دی تو ملک گیر احتجاج اور تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مہم دہلی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دیگر شہروں میں بھی اسے پھیلایا جائے گا تاکہ شہری مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز