قومی خبریں

’چندہ چور کہاں ملیں گے، بی جے پی کے دفتر میں‘، پارلیمانی احاطے میں اپوزیشن نے بی جے پی حکومت کے خلاف کیا مظاہرہ

کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’عطیات چوری کے عظیم گناہ نے کروڑوں رام بھکتوں کے عقیدے کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، لیکن مودی حکومت قصورواروں کو بچانے میں مصروف ہے‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

 

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں روزانہ ہنگامہ ہو رہا ہے۔ بدھ کو پارلیمانی اجلاس کی کارروائی کو شروع ہوتے ہی ملتوی کرنا پڑا۔ دوسری جانب تعطل ختم کرنے کے لیے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے درمیان بات چیت ہوئی۔ راہل گاندھی نے مطالبہ کیا تھا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ایوان میں آ کر جواب دیں، حالانکہ اب تک ایسا ہوا نہیں ہے۔ اس درمیان جمعرات کو بھی ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے قبل پارلیمانی احاطے میں اپوزیشن نے احتجاجی مارچ نکالا۔

’مکر دوار‘ تک نکالے گئے احتجاجی مارچ میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ بارش کے درمیان چھتری لیے نظر آئے۔ اس دوران انہوں نے ایک بینر بھی تھام رکھا تھا، اور مسلسل امت شاہ جواب دو کے نعرے لگا رہے تھے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے اپوزیشن کے مظاہرے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ پارٹی نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’چندہ چور کہاں ملیں گے، بی جے پی کے دفتر میں۔ عطیات چوری کے عظیم گناہ نے کروڑوں رام بھکتوں کے عقیدے کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، لیکن مودی حکومت قصورواروں کو بچانے میں مصروف ہے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا کہ ’’آج اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اس عظیم گناہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ نریندر مودی اور امت شاہ ایوان میں آئیں اور ملک کو جواب دیں۔‘‘

واضح رہے کہ پارلیمانی احاطے میں احتجاجی مارچ نکالنے سے قبل کانگریس کے قومی صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں انڈیا بلاک کے فلور لیڈرس کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی بھی موجود رہے۔ انڈیا بلاک کے لیڈران کے ساتھ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے متعلق اہم مسائل پر تبادلۂ خیال ہوا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔