
گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف انڈیا بلاک، خصوصاً کانگریس نے زوردار مہم چلا رکھی ہے۔ سڑک سے لے کر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک پارٹی جارحانہ رخ اختیار کیے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی تو گیانیش کمار کو قرار واقعی سزا دلانے کا عزم بھی ظاہر کر چکے ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر گیانیش کمار کے نیا حملہ کیا ہے، جس میں اتر پردیش کے اندر ووٹ چوری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اپنے تازہ حملہ میں کانگریس نے کہا ہے کہ ’’ووٹ چور گیانیش نے یوپی میں سافٹ ویئر سے کھیل کیا۔ ووٹر لسٹ سے کسی کا نام کاٹنے کے لیے فارم-7 بھرنا ہوگا ہے۔ اس فارم میں وجہ لکھنی ضروری ہوتی ہے، مثلاً شخص کی موت ہو گئی، منتقل ہو گیا، نام 2 بار ہے، وغیرہ۔ یعنی بغیر وجہ بتائے نام نہیں کاٹا جا سکتا۔ لیکن یوپی میں ایس آئی آر کے دوران الیکشن کمیشن کے سافٹ ویئر نے تقریباً 85854 فارم-7 آٹومیٹک جنریٹ کر دیے۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے ’ایکس‘ ہینڈل پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ ’’ان فارم پر کوئی وجہ درج نہیں تھی اور افسران کے ڈیجیٹل دستخط بھی تھے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں ایسے فارم-7 بھی بھرے گئے، جن پر شکایت کرنے والے کا نام ایک ہی ہے۔ مثلاً گونڈا کی ترب گنج اسمبلی سیٹ پر ’ریشما‘ نام سے ایک ہی دن، ایک ہی بوتھ کے 188 لوگوں کے خلاف فارم-7 بھر دیے گئے۔‘‘ یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن ناموں کو حذف کرنے کے لیے فارم-7 بھرے گئے ہیں، ان میں بیشتر مسلم ووٹرس تھے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی پوسٹ میں اس بات پر حیرانی ظاہر کی ہے کہ کسی کو اس بارے میں نہیں معلوم کہ ’ریشما‘ کون ہے، جس نے بڑی تعداد میں لوگوں کا نام حذف کرنے کے لیے فارم-7 بھرا۔ اس بارے میں کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’صاف ہے، گیانیش نے مودی کے حکم پر جم کر ’ووٹ چوری‘ کی ہے۔ ایس آئی آر، ای وی ایم یا الیکشن کمیشن کا سافٹ ویئر... یہ سب ’ووٹ چوری‘ کے اوزار بن چکے ہیں۔‘‘ جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس نے وزیر اعظم مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن پر مودی نے پورا قبضہ جما لیا ہے اور جمہوریت کا وہم بنائے رکھنے کے لیے غیر قانونی انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔ لیکن عوام حقیقت جان چکی ہے، سارا کھیل کھل چکا ہے۔ اب ووٹ چوروں کا حساب ہوگا۔‘‘
کانگریس نے ایک دیگر سوشل میڈیا پوسٹ میں گیانیش کمار کو تنبیہ کی ہے کہ اب انھیں سزا دی جائے گی اور اس کے لیے کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ ایک گرافکس شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے ’دی کاؤنٹ ڈاؤن بیگنس‘ (گنتی شروع ہو چکی ہے)، اور اس گرافکس میں سنٹرل جیل کا دروازہ دکھایا گیا ہے۔ گرافکس میں ایک جگہ لکھا گیا ہے ’’گیانو، گیٹ ریڈی فار دِس‘‘ (گیانو، اِس کے لیے تیار ہو جاؤ)۔ یعنی گیانیش کمار سے کہا جا رہا ہے کہ وہ جیل جانے کے لیے تیار ہو جائیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔