قومی خبریں

’وِکاس‘ دھنس گیا اور بڑا گڈھا ہو گیا، آگرہ میں سڑک دھنسنے پر کانگریس کا طنز

آگرہ میں ایک سڑک پر بڑا گڈھا بننے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’بدعنوانی کا یہ گڈھا اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی حکومت میں جم کر کمیشن خوری اور پیسوں کی گھپلے بازی کی جا رہی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia

 

مانسون کی بارش نے ملک کی کئی ریاستوں میں نو تعمیر اور کچھ پرانی سڑکوں میں ہوئی بدعنوانی کی قلعی کھول دی ہے۔ گجرات، مدھیہ پردیش، دہلی، مہاراشٹر اور اتر پردیش میں کئی مقامات سے سڑکیں اور پل ٹوٹنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ٹوٹتی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات کی ویڈیو بھی دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ان حادثات کے لیے کانگریس مرکز کی مودی حکومت اور متعلقہ ریاستوں کی بی جے پی حکومت کو لگاتار نشانہ بنا رہی ہے۔ آج پھر کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ ویڈیوز اور گرافکس پیش کر وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ایک پوسٹ (گرافکس) میں گجرات کی ٹوٹی ہوئی سڑک کو دکھایا گیا ہے، جہاں پی ایم مودی یوگا کرنے والے انداز میں کھڑے ہیں۔ اس کے ساتھ طنزیہ انداز میں کیپشن دیا گیا ہے ’’واہ! مودی جی!! واہ!!!‘‘ ساتھ ہی گرافکس پر لکھا گیا ہے ’’میرا وکاس دیکھو‘‘

کانگریس نے آج ’ایکس‘ ہینڈل پر ہندی نیوز چینل ’یو پی تک‘ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں آگرہ کی ایک ٹوٹی ہوئی سڑک کو دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں نامہ نگار بتا رہا ہے کہ کس طرح سڑک پر ایک بڑا گڈھا ہونے سے لوگوں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔ نامہ نگار کے مطابق مقامی لوگوں کی سمجھداری سے کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا، لیکن اس گڈھے نے بدعنوانی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ اتر پردیش کا آگرہ ہے۔ یہاں پہلی بارش میں ہی بھیڑ بھاڑ والے علاقہ کملا نگر میں ’وکاس‘ دھنس گیا اور بڑا گڈھا ہو گیا۔‘‘

ٹوٹی ہوئی سڑک کی حالت کو سامنے رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے مقامی لوگوں کی تعریف کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’غنیمت یہ رہی کہ لوگوں نے دونوں طرف سے روڈ کو بند کر دیا، ورنہ کئی گاڑیاں اس گڈھے کی زد میں آ جاتیں اور بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔‘‘ آگے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’بدعنوانی کا یہ گڈھا اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی حکومت میں جم کر کمیشن خوری اور پیسوں کی گھپلے بازی کی جا رہی ہے۔ بی جے پی کے لیڈران اور وزراء تجوریاں بھر رہے ہیں اور عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔