قومی خبریں

اتراکھنڈ کی دھامی حکومت پر سرکاری زمینیں من پسند لوگوں کو مفت دینے کا الزام، کانگریس نے کیا احتجاجی مظاہرہ

کانگریس نے پٹواڈانگر کی قیمتی سرکاری زمین نجی افراد کو مفت دینے اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ منتقل کرنے کی کوشش پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ریاست کے جل، جنگل اور زمین پر پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>

تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

اتراکھنڈ میں بی جے پی کی قیادت والی پشکر سنگھ دھامی حکومت پر ریاست کی قیمتی سرکاری املاک من پسند افراد میں تقسیم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے اس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی بلا روک ٹوک ریاست کی بیش قیمت زمینیں اپنے قریبی لوگوں کے حوالے کر رہے ہیں اور سرکاری املاک کی بندر بانٹ کی جا رہی ہے۔

کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اس احتجاج کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر یشپال آریہ کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے دھرنا دے کر دھامی حکومت کی مبینہ منمانی کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی کے مطابق اس احتجاج کو مقامی عوام کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہوئی۔ اس موقع پر کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے رکن گردیپ سپل بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی دھامی حکومت کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کانگریس کے احتجاج میں حصہ لیا۔

کانگریس نے حکومت سے اس معاملے پر جواب طلب کرتے ہوئے 2 اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ پارٹی نے پوچھا ہے کہ آخر کس کے اشارے پر پٹواڈانگر (بلدیاخان)، نینی تال کی قیمتی سرکاری زمین نجی افراد کو مفت میں دی جا رہی ہے؟ اس کے علاوہ کانگریس نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی حکومت کی ضد پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ پارٹی نے دریافت کیا ہے کہ اس پلانٹ کو منتقل کرنے کے پیچھے آخر کن سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کا منصوبہ ہے؟

کانگریس نے دھامی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ بی جے پی حکومت کو دیوبھومی اتراکھنڈ کی املاک لوٹنے نہیں دے گی۔ پارٹی نے کہا کہ حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اتراکھنڈ کے جل، جنگل اور زمین پر سب سے پہلا حق یہاں کے لوگوں کا ہے۔

کانگریس کے اس احتجاج اور الزامات نے ریاست میں سرکاری زمینوں کے استعمال، ان کی منتقلی اور عوامی مفادات سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر سیاسی بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔ پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پٹواڈانگر کی سرکاری زمین نجی افراد کو مفت دیے جانے اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو منتقل کرنے کے فیصلے کے پیچھے موجود وجوہات اور مقاصد واضح کرے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔