
سنجین ترپاٹھی اور اکھلیش یادو (ویڈیو گریب)
آئندہ یوپی اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی میں افراتفری مچی ہوئی ہے۔ پوروانچل میں ہری شنکر تیواری کے بعد ایک اور قدآور رہنما نے بی جے پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی (ایس پی) کا دامن تھام لیا ہے۔ سنجین ترپاٹھی جو گورکھ پور-فیض آباد ٹیچر ایم ایل سی انتخاب کی تیاری کر رہے تھے، لیکن انہیں بی جے پی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ اس سے ناراض ہو کر انہوں نے پہلے اپنی گاڑی سے پارٹی کا جھنڈا اتار پھینکا اور اب سماجوادی پارٹی کی رکنیت اختیار کر لی ہے۔
سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والے سنجین ترپاٹھی اب پارٹی کے ٹکٹ پر گورکھ پور-فیض آباد سے ٹیچر ایم ایل سی کا انتخاب لڑیں گے۔ بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض سنجین ترپاٹھی کی ملاقات چلوپار اسمبلی حلقے کے سابق رکن اسمبلی ونے شنکر تیواری نے اکھلیش یادو سے کرائی۔ اس کے بعد سنجین نے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اسی کے ساتھ اکھلیش یادو نے گورکھپور-فیض آباد سے ٹیچر ایم ایل سی کے لیے اپنے اعلان کردہ امیدوار کملیش یادو کا نام واپس لے لیا۔ ان کی جگہ سنجین ترپاٹھی کا نام امیدوار کے طور پر اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی نے آگرہ ڈویژن ٹیچر حلقے سے بھی اپنا امیدوار بدل دیا ہے۔ پارٹی نے پرکاش چندر گپتا کی جگہ سابق ایم ایل سی ڈاکٹر آکاش اگروال کو امیدوار بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ دونوں تبدیلیاں متعلقہ رہنماؤں کی رضامندی سے کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش قانون ساز کونسل کی 11 نشستوں کے لیے 23 اکتوبر کو ووٹنگ اور 27 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ہونی ہے۔ اکھلیش یادو نے تمام 11 نشستوں کے لیے ایم ایل سی کے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ مرزا پور-وارانسی ٹیچر حلقے سے موجودہ ایم ایل سی لال بہاری یادو، لکھنؤ ٹیچر حلقے سے سشیل کمار، آگرہ ٹیچر حلقے سے سابق ایم ایل سی ڈاکٹر آکاش اگروال، گورکھپور-فیض آباد ٹیچر حلقے سے سنجین ترپاٹھی، مرادآباد-بریلی ٹیچر حلقے سے دانش اختر اور میرٹھ ٹیچر حلقے سے نتن تومر سماجوادی پارٹی کے امیدوار ہیں۔ وارانسی گریجویٹ حلقے سے موجودہ ایم ایل سی آشوتوش سنہا، جھانسی گریجویٹ حلقے سے ڈاکٹر مان سنگھ، آگرہ گریجویٹ حلقے سے ششانک یادو، میرٹھ گریجویٹ حلقے سے پرمندر بھاٹی اور لکھنؤ گریجویٹ حلقے سے کانتی سنگھ کو اکھلیش یادو نے میدان میں اتارا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔