قومی خبریں

تریپورہ کے ڈی جی پی کی مشتبہ حالت میں موت، پولیس ہیڈکوارٹر میں ملی لاش

تریپورہ کیڈر کے 1994 بیچ کے آئی پی ایس افسر انوراگ دھنکھڑ نے ریاستی حکومت کی جانب سے تقرری کے بعد مئی 2025 میں تریپورہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کا عہدہ سنبھالا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

لاش، علامتی تصویر آئی اے این ایس

 

تریپورہ کے ڈی جی پی انوراگ دھنکھڑ پولیس ہیڈ کوارٹر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں خودکشی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تریپورہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) اور آئی پی ایس افسر انوراگ دھنکھڑ پیر 20 جولائی کو اگرتلا میں پولیس ہیڈ کوارٹر میں واقع اپنے آفس میں مردہ پائے گئے۔ انہیں فوری طور پر اگرتلا کے گوبند ولبھ پنت اسپتال لے جایا گیا، جہاں آگے کی کارروائی جاری ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق جی بی پنت اسپتال کے سینئر ڈاکٹر پردیپ بھومک نے بتایا کہ جب انہیں دوپہر تقریباً 12:00 بجے یہاں لایا گیا تو ہمارے ڈاکٹر نے ان کا معائنہ کیا۔ ہمیں ان کی نبض، بلڈ پریشر یا کسی دوسرے پیرامیٹر کے آثار نہیں ملے۔ فوری طور پر ایمرجنسی یونٹ میں کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) شروع کیا گیا۔ ہمارے ماہرین کی ایک ٹیم نے تقریباً 48 منٹ تک سی پی آر دیا۔ ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود ہم انہیں بچا نہیں سکے اور دوپہر 12:48 بجے ہم نے باضابطہ طور پر انہیں مردہ قرار دے دیا۔

موت کی وجہ پوچھنے پر میڈیکل آفیسر نے کہا کہ چونکہ انہیں جب یہاں لایا گیا تو ان کے جسم میں زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے۔ اس لیے ہمارے لیے کچھ بھی معلوم کرنا ممکن نہیں تھا۔ یہ ’اسپتال میں مردہ‘ لائے گئے کا معاملہ ہے۔ ہم نے ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ ڈی جی پی کے جسم پر بیرونی زخم نظر آنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صرف پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی اس کی تصدیق کر سکتی ہے۔ ہم اس شعبے کے ماہر نہیں ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کی گردن پر کوئی نشان نظر آ رہے تھے؟ اس پر میڈیکل آفیسر نے کہا کہ ہمارے پاس اتنی باریکی سے معائنہ کرنے کا موقع یا وقت نہیں تھا کیونکہ جب وہ یہاں لائے گئے تو صورتحال انتہائی تشویشناک تھی۔ اب پوسٹ مارٹم سے ہی تمام معلومات سامنے آپائیں گی۔

پولیس کے اعلیٰ افسر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جائے حادثہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ڈی جی پی کی موت کی وجوہات کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ موت کی اصل وجہ کا پتہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی چلے گا۔ پولیس اور تریپورہ حکومت نے اس واقعے پر اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تریپورہ کیڈر کے 1994 بیچ کے آئی پی ایس افسر انوراگ دھنکھڑ نے ریاستی حکومت کی جانب سے تقرری کے بعد مئی 2025 میں تریپورہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (پولیس فورس کے سربراہ) کا عہدہ سنبھالا تھا۔