قومی خبریں

جھارکھنڈ: این ٹی پی سی پلانٹ میں کنویئر بیلٹ کا ڈھانچہ منہدم، تین مزدور ہلاک، متعدد زخمی

جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں این ٹی پی سی کے نارتھ کرن پورہ پاور پروجیکٹ میں زیر تعمیر کنویئر بیلٹ کا ڈھانچہ گرنے سے تین مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے افسوس کا اظہار کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

چترا: جھارکھنڈ کے چترا ضلع کے ٹنڈوا میں واقع این ٹی پی سی کے نارتھ کرن پورہ سپر تھرمل پاور پروجیکٹ میں بدھ کے روز ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں زیر تعمیر کنویئر بیلٹ کا ڈھانچہ اچانک منہدم ہونے سے تین مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ متعدد دیگر مزدور شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد پلانٹ احاطے میں افراتفری اور کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔ چترا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ انیمیش میتھانی نے تین مزدوروں کی موت کی تصدیق کی ہے۔

یہ حادثہ پلانٹ کے سی ایچ پی جے ایچ-1 مقام پر پیش آیا، جہاں مزدور زیر تعمیر کنویئر بیلٹ کے ڈھانچے پر کام کر رہے تھے۔ اسی دوران اچانک پورا ڈھانچہ زمین پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہاں کام کرنے والے کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ڈھانچے کے اس طرح منہدم ہونے کی ممکنہ وجہ اس کے ڈیزائن میں تکنیکی خامی بتائی جارہی ہے۔ تاہم حادثے کی اصل وجہ کی باضابطہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

حادثے کے فوراً بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ ایک مزدور کی لاش کنویئر بیلٹ کے ڈھانچے میں لٹکی ہوئی دکھائی دی، جبکہ کئی دیگر مزدور ملبے کے نیچے دب گئے تھے۔ ساتھی مزدوروں اور پلانٹ انتظامیہ کی مدد سے زخمیوں کو فوری طور پر این ٹی پی سی احاطے میں واقع سنجیونی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق، اس منصوبے میں تعمیراتی کام کا مرکزی ٹھیکہ تھائیسن کمپنی کو دیا گیا تھا، جبکہ کام آگے سمپلیکس نامی ذیلی ٹھیکیدار کمپنی کے ذریعے کرایا جارہا تھا۔ حادثے کے بعد تعمیراتی کام کے معیار اور مزدوروں کی حفاظت کے لیے اختیار کیے گئے انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

واقعے پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن انتظامی مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ دوسری جانب، حادثے کے بعد مشتعل مزدوروں نے پلانٹ احاطے میں ہنگامہ کیا اور تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی انتظامات پر ناراضگی ظاہر کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزدوروں کو سمجھا بجھا کر پرسکون کیا۔