قومی خبریں

’یہ غداری ہے، وقت آئے گا، ہم آپ کو پکڑیں گے، بچیں گے نہیں آپ‘، الیکشن کمیشن سے متعلق انکشاف پر راہل گاندھی کی تنبیہ

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ووٹ چوری ہندوستانی عوام کے خلاف ایک جرم اور ہمارے آئین پر براہ راست حملہ ہے… بی جے پی، آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن نے ملک سے غداری کا کام کیا ہے… انصاف ہوگا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی، ویڈیو گریب

 

کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے انتخابی کمیشن سے متعلق ’انڈین ایکسپریس‘ کے انکشاف پر اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انھوں نے ایک پوسٹ جاری کیا ہے جس میں ’ووٹ چوری‘ کو ہندوستانی عوام کے خلاف جرم اور آئین پر براہ راست حملہ قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور انتخابی کمیشن نے مل کر اسے انجام دیا ہے۔ تینوں نے ملک سے غداری کا کام کیا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنی اس سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ووٹ چوری ہندوستانی عوام کے خلاف ایک جرم ہے اور ہمارے آئین پر براہ راست حملہ… بی جے پی، آر ایس ایس اور الیکشن کمیشن، جنہوں نے اسے انجام دیا، نے ملک سے غداری کا کام کیا ہے… انصاف ہوگا۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’میں انتخابی کمیشن اور اس کے افسران سے صاف کہہ رہا ہوں، آپ جو کر رہے ہیں وہ غلط کر رہے ہیں، یہ غداری ہے… وقت آئے گا… ہم آپ کو پکڑیں گے… آپ بچ نہیں پائیں گے۔‘‘

دوسری طرف کانگریس نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر راہل گاندھی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی اور انتخابی کمیشن مل کر ہماری جمہوریت کو تباہ کرنے اور لوگوں کی آواز چھیننے کی سازش کر رہے ہیں۔ سب سے بڑا غداری کا کام ووٹ چوری ہے۔‘‘

کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی کے چہیتے گیانیش کمار انتخابی کمیشن میں اپنی منمانی چلا رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ ’’اس بارے میں خود 2 الیکشن کمشنرز نے 10 ماہ میں 14 بار شکایت کی ہے… شکایت میں صاف کہا گیا کہ دونوں الیکشن کمشنرز، سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کو اہم فیصلوں کی معلومات نہیں دی جاتی… ان سے مشورہ نہیں لیا جاتا… ان سے پوچھے یا بتائے بغیر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔‘‘ پارٹی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’یہ 14 شکایتیں بنیادی طور پر ایس آئی آر، فارم 6 میں تبدیلی، نئے ووٹرز کی رجسٹریشن، ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے اور شامل کرنے، نام بحال کرنے کے احکامات کے خلاف اپیل، ووٹر لسٹ کی حفاظت اور الیکشن کمیشن کے کام کاج سے متعلق ہیں۔‘‘

کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ان شکایات سے صاف ہوتا ہے کہ 3 اراکین والے الیکشن کمیشن میں صرف گیانیش کمار کی چل رہی ہے، گیانیش اپنے باس مودی کی طرح آمریت کر رہے ہیں اور مودی کو خوش کرنے کے لیے ’ووٹ چوری‘ کا کام کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم پہلے بھی کہتے آئے ہیں کہ مودی نے الیکشن کمیشن پر قبضہ کر رکھا ہے، گیانیش کمار مودی کے ہاتھ کی کٹھ پتلی ہیں، ’انڈین ایکسپریس‘ کی اس رپورٹ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے، مودی اور گیانیش نے مل کر ملک کی جمہوریت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، لیکن یہ بات یاد رکھنا… وقت آنے پر سب کا حساب ہوگا، جوابدہی طے ہوگی… اس جرم کی سزا ضرور ملے گی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔