
میڈیا اہلکار کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
’’آسام اور جموں و کشمیر میں حد بندی کی 2 مثالیں دیکھیے۔ مودی-شاہ نے اس میں ’کریک‘ اور ’پیک‘ کی تکنیک استعمال کی ہے۔ یہی ان کی جمہوریت کو ختم کرنے کی پالیسی ہے، جسے اب پورے ملک میں نافذ کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ یہ بیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے آج میڈیا اہلکاروں کے سامنے حد بندی بل سے متعلق اپنے شبہات ظاہر کرتے ہوئے دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی اور امت شاہ کچھ بھی کر لیں، ہم کسی قیمت پر جمہوریت اور آئین کا قتل نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
دراصل مرکز کی مودی حکومت حد بندی بل کو پارلیمنٹ سے منظور کرانا چاہتی ہے، لیکن انڈیا بلاک اس کے سخت خلاف ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے حد بندی بل میں کچھ باتوں کو جمہوریت کے لیے خطرناک اور ایس سی/ایس ٹی طبقہ کے خلاف ٹھہرایا ہے۔ راہل گاندھی نے آج ان معاملات کو بہت وضاحت کے ساتھ میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر آپ کے ذہن میں سوال ہے کہ حد بندی کے بعد سماجی انصاف کا کیا ہوگا؟ تو اس کا جواب ہے کہ 40 سال کے لیے اسے بھول جائیے۔‘‘ وہ کہتے ہیں کہ ’’او بی سی، دلت اور قبائلی لفظ بھول جائیے، یعنی ان کی آبادی تو بڑھے گی، لیکن نمائندگی نہیں بڑھے گی، کیونکہ مودی اس پر روک لگا دیں گے۔‘‘
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’یہ پورا ڈرامہ 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر ہوگا اور بی جے پی براہ راست طور پر او بی سی، ایس سی/ایس ٹی اور اقلیتوں کو کنارہ کش کر رہی ہے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’خواتین ریزرویشن بل پہلے ہی پاس ہو چکا ہے، بی جے پی اسے کل سے ہی نافذ کر سکتی ہے، لیکن وہ ایسا کرے گی نہیں۔ سچائی یہ ہے کہ معاملہ خواتین ریزرویشن نہیں، دراصل یہ ایس سی/ایس ٹی کی سیٹوں کو لاک کرنے کی کوشش ہے۔‘‘
حد بندی بل کے ذریعہ لوک سبھا میں سیٹوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 850 کرنے کی کوشش کو راہل گاندھی نے جمہوریت و آئین کا قتل ٹھہرایا، اور کہا کہ ’’850 کا نمبر جین-زی کے مستقبل کو، روزگار کو ختم کرنے اور ملک کی پوری دولت اڈانی کو دینے کا نمبر ہے۔ لیکن اگر مودی-شاہ سوچ رہے ہیں کہ انھوں نے پہلے ’ووٹ چوری‘ کی اور اب حد بندی کے ذریعہ جمہوریت کو ختم کر دیں گے، تو یہ جین-زی اور مجھے پہچان نہیں پا رہے، کیونکہ ہم انھیں چھوڑیں گے نہیں۔‘‘ انھوں نے پورے عزم کے ساتھ کہا کہ وہ مودی-شاہ کی سازش کو ناکام بنائیں گے اور ہندوستانی آئین و جمہوریت کی حفاظت کرتے رہیں گے۔
راہل گاندھی نے میڈیا بریفنگ کے دوران انتخابی حلقوں کی منصفانہ حد بندی سے متعلق اپنی رائے بھی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کا کہنا ہے 850 سیٹیں ہوں اور اپوزیشن کہہ رہا ہے کہ جو 543 سیٹیں ہیں، انھیں رہنے دیجیے۔ بی جے پی 2011 کی مردم شماری کی بات کرتے ہیں اور ہم 2027 کی مردم شماری کی بات کر رہے ہیں۔ بی جے پی ذات پر مبنی مردم شماری کا ڈاٹا استعمال نہیں کرنا چاہتی، اپوزیشن کہہ رہا ہے کہ اسے استعمال کیجیے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی نے حد بندی کمیشن گیانیش کمار کو سونپ دیا ہے اور ہم کہہ رہے ہیں کہ اس میں اپوزیشن کا نامزد رکن بھی ہونا چاہیے، سپریم کورٹ کے جسٹس بھی ہوں اور حکومت کا بھی ایک نامزد رکن ہو۔‘‘
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ لوگ حد بندی میں ’اسٹیٹ شیئر‘ یعنی ریاستوں کی شراکت داری کو مسئلہ بتا رہے ہیں، لیکن سب سے بڑا مسئلہ 850 ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کو ذات پر مبنی مردم شماری، خواتین ریزرویشن اور اسٹیٹ شیئر سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ درحقیقت نریندر مودی ملک کے انتخابی حلقوں کو نئی شکل دینے کا موقع چاہتے ہیں۔‘‘ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے 850 سیٹوں کی تجویز کو سمجھانے کے لیے خالی کینوس کی مثال دی۔ انھوں نے کہا کہ جب کسی مصور کے سامنے خالی کینوس ہوتا ہے تو وہ اپنی مرضی کی تصویر بنا سکتا ہے۔ اسی طرح اگر لوک سبھا کی سیٹیں بڑھا کر 850 کر دی جاتی ہیں، تو انتخابی حلقوں کی حدیں نئے سرے سے طے کرنے کی گنجائش پیدا ہو جاتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔