قومی خبریں

’نہ نجکاری ہوگی اور نہ ہی کردار کم ہوگا‘، پرائیویٹائزیشن کے دعووں پر اِسرو کی وضاحت آئی سامنے

اِسرو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’اسرو جدید خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی، قومی اور اسٹریٹجک مشنوں، خلائی سائنس اور کھوج، اور اہم و سرحدی خلائی صلاحیتوں کے لیے ہندوستان کا اہم ادارہ بنا رہے گا۔‘‘

اسرو، تصویر آئی اے این ایس
اسرو، تصویر آئی اے این ایس 

’ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم‘ (اسرو) نے اپنی نجکاری اور کردار کو کم کیے جانے کی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ اسرو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے غلط اور بے بنیاد ہیں۔ اسرو نے صاف لفظوں میں کہا کہ نہ تو اس کی نجکاری کی جا رہی ہے اور نہ ہی خلائی شعبے میں اس کی اہمیت کم کی جائے گی۔ اسرو نے واضح کیا کہ ہندوستان کے خلائی پروگرام میں اس کا کردار پہلے کی طرح انتہائی اہم برقرار رہے گا۔

اسرو کا یہ بیان ان رپورٹس کے سامنے آنے کے کچھ عرصے بعد آیا ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ اسرو کے ہزاروں ملازمین کی نمائندگی کرنے والی 9 تنظیموں نے خلائی ایجنسی کے مینوفیکچرنگ اور آپریشنل کام نجی اداروں کو سونپنے کی تجویز پر وضاحت مانگی تھی۔ اسرو نے ان دعوؤں کو غلط قرار دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ہم واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ اسرو کی نہ تو نجکاری کی جائے گی اور نہ ہی اس کی اہمیت کم ہوگی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اسرو جدید خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی، قومی اور اسٹریٹجک مشنوں، خلائی سائنس اور کھوج، اور اہم و سرحدی خلائی صلاحیتوں کے لیے ہندوستان کا اہم ادارہ بنا رہے گا۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔