قومی خبریں

’...تو ہندوستانی وزیر اعظم بھی وہاں ہوتے‘، ٹرمپ اور پوتن کے ساتھ جن پنگ کی تصویر شیئر کر راہل نے مودی پر کیا حملہ

راہل گاندھی نے ٹرمپ، پوتن اور جن پنگ کی ایک ہی میز پر بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کی ہے اور طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سمجھوتہ کرنے والا وزیر اعظم کبھی اس میز پر نہیں بیٹھ سکتا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ٹرمپ، جنپنگ اور پوتن کے درمیان میٹنگ کا منظر، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/RahulGandhi">@RahulGandhi</a></p></div>

ٹرمپ، جنپنگ اور پوتن کے درمیان میٹنگ کا منظر، تصویر ’ایکس‘ @RahulGandhi

 

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ہندوستان کی موجودہ خارجہ پالیسی معاملہ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انھوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے، جو ان تینوں لیڈران کی گزشتہ روز ہوئی میٹنگ سے متعلق ہے۔ یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ اگر کانگریس کی حکومت ہوتی تو ہندوستان کے وزیر اعظم بھی ان تینوں لیڈران کے ساتھ ایک ہی میز پر بیٹھے ہوتے۔ راہل گاندھی نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ سمجھوتہ کرنے والا وزیر اعظم کبھی اس میز پر نہیں بیٹھ سکتا۔

راہل گاندھی کا یہ تبصرہ تینوں ممالک کے لیڈران کی ملاقات کی نوعیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ٹرمپ، پوتن اور جن پنگ 19 نومبر کو چین کے شہر شینزین میں ملے تھے۔ اس میٹنگ کو ’جی 3‘ کہا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے دنیا کی 3 بڑی طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا۔ راہل گاندھی کا ماننا ہے کہ اگر نریندر مودی کا رویہ ’سمجھوتہ کرنے والا‘ نہیں ہوتا، تو شینزین میں ہوئی میٹنگ کا حصہ ہندوستانی وزیر اعظم بھی بنتے۔

قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی مودی حکومت کی خارجہ پالیسی پر کئی بار حملہ کر چکے ہیں۔ گزشتہ شب ہی انھوں نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ شکاگو یونیورسٹی کی ایک تقریب میں ہندوستانی خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی لکھتے ہیں ’’میں اس بات سے کافی حیران ہوں کہ پاکستان ایرانیوں اور امریکیوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے، جبکہ ہندوستان صرف تماشہ دیکھ رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی جغرافیائی سیاسی سمجھ ہمیشہ سے بہت پختہ رہی ہے، آزادی کے وقت سے ہی۔ ہماری اپنا ایک نظریہ تھا، ہماری خارجہ پالیسی اس بات سے رہنمائی حاصل کرتی تھی کہ ہندوستان کے لیے کیا فائدہ مند ہے۔

19 نومبر کو کی گئی اس پوسٹ میں راہل گاندھی بے باک انداز میں لکھتے ہیں کہ ’’اپنے حجم، تاریخ اور تعلقات کے لحاظ سے ہمیں ان عالمی مذاکرات میں شامل ہونا چاہیے۔ لیکن سچ یہ ہے کہ ہندوستان اب ایک سائیڈ پلیئر بن کر رہ گیا ہے۔ ہم عالمی منظرنامے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ ہماری آواز اور ہمارا نقطۂ نظر موجود ہے، لیکن وہ نقطۂ نظر اب ان مباحث میں سنائی نہیں دیتا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہندوستان میں پہلے ہی تکلیف اور بے چینی موجود تھی۔ ایران کی جنگ نے اسے مزید بڑھا دیا اور لوگوں کو برداشت کی حد سے آگے دھکیل دیا۔ ہم ہندوستان میں بیٹھ کر دنیا کے دیگر حصوں میں ہونے والے واقعات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔‘‘