
علامتی تصویر
نئی دہلی: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ جس کے سبب طلبہ کو بے حد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تقریباً چار دن کے طویل انتظار کے بعد جب دوبارہ جانچ (ری ایویلیوایشن) اور تصدیق کا پورٹل فعال ہوا تو طلبہ کی خوشی کی انتہا نہ تھی، لیکن طلبہ کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔
پورٹل لانچ ہونے کے کچھ ہی وقفے کے بعد پریشان طلبہ کی سوشل میڈیا پر شکایات آنے لگیں۔ بیشتر طلبہ کو تمام تفصیلات بھرنے کے بعد بھی اسکرین فریز ہونے کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی طلبہ نے سوشل میڈیا پر در پیش خرابیوں کی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔ جبکہ کچھ طلبہ نے پورٹل پر لاگ اِن کرنے سے متعلق شکایات بھی درج کرائی ہیں۔
جس کے سبب طلبہ اور والدین بے پناہ ناراض نظر آرہے ہیں۔ یہ مسئلہ طویل انتظار اور سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیوں کے باوجود سامنے آیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے پورٹل کے لانچ کیے جانے کا کئی بار اعلان کیا گیا، لیکن جب طلبہ نے استعمال کرنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر بعد انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس مسئلے سے 4,04,319 سے زائد طلبہ متاثر ہوئے ہیں، جو اس برس تصدیق، جوابی کاپیوں کی فوٹو کاپی اور دوبارہ جانچ کے لیے درخواست دینے کے خواہش مند تھے۔
سی بی ایس ای کے نئے آن اسکرین مارکنگ سسٹم پر جاری تنازع کے درمیان مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے اندازہ ظاہر کیا تھا کہ جانچ کی گئی جوابی کاپیوں کو دیکھنے والے تقریباً ہر پانچ میں سے ایک طالب علم تصدیق یا دوبارہ جانچ کے لیے مطالبہ کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر 80 ہزار تک درخواستیں موصول ہو سکتی ہیں۔
بارہویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے بعد سے ہی دوبارہ جانچ کا عمل جاری ہے۔
طلبہ اور والدین نے ادائیگی کے نظام میں خرابی، زائد فیس کٹوتی، رسید نہ ملنا، لاگ اِن کے مسائل اور اسکین شدہ جوابی کاپیوں کے نہیں ملنے کی شکایت کی ہے۔
بعض امیدواروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جوابی کاپیاں دھندلی اور نامکمل تھیں یا ان کے اصل جوابات سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined