
شدید دھند / قومی آواز / وپن
اتر پردیش میں سردی نے اپنا ستم ڈھانا شروع کر دیا ہے۔ سردی اور کہرے کا اثر بڑھتا جا رہا ہے، جس سے عوام کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔ ان دنوں صبح اور شام کے ساتھ ساتھ دن میں بھی خاصی سردی پڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی ریاست کے کئی اضلاع میں گھنے کہرے کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس سے صبح کے وقت لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگلے تین دنوں میں ریاست میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش میں آج 18 نومبر کو مغربی اور مشرقی دونوں خطوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ریاست کے 10 اضلاع میں مختلف مقامات پر شدید کہرا چھائے رہنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی صبح کے وقت ہلکی دھند دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی اب دھند اور کہرا بھی پڑنے لگا ہے۔ حالانکہ دن کے وقت آسمان صاف رہے گا اور دھوپ نکلے گی۔
اتر پردیش میں آج بریلی، پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، بہرائچ، شراوستی، بلرام پور، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، کشی نگر، گورکھپور، دیوریا اور سنت کبیر نگر میں گھنا کہرا چھائے رہنے کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایسے میں صبح کے وقت لوگوں کو آمد و رفت میں پریشانی ہو سکتی ہے۔ کہرے کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط کے ساتھ گاڑی چلانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں تک ریاست میں موسم اسی طرح رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 19 نومبر کو بھی ریاست کے دونوں خطوں میں صبح کے وقت کہیں کہیں ہلکے سے درمیانے درجے کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔ 23 نومبر تک ریاست میں دھند اور کہرے کا اثر برقرار رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 2 دنوں میں ریاست کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس تک کمی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم کم سے کم درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بریلی ریاست کا سب سے سرد ضلع رہا۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت 11.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 2.6 ڈگری سیلسیس کم ہے۔ کانپور، ایودھیا، اٹاوہ اور نجیب آباد بھی ریاست کے سرد ترین اضلاع میں شامل رہے۔ وہیں جھانسی میں سب سے زیادہ 32.0 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔