
کیرلم کے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن، تصویر/آئی اے این ایس
کیرلم حکومت نے ریاست بھر کے پٹرول پمپوں پر جانچ تیز کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن نے جمعرات (12 نومبر) کو یہ اطلاع دی۔ دراصل ای-20 پٹرول میں سنگین بے ضابطگیوں کی خبروں سے گاڑی ڈرائیوروں کے درمیان تشویش بڑھ گئی ہے۔ سول سپلائی ڈپارٹمنٹ نے ترووننت پورم، ایرناکولم، کوزی کوڈ اور کنور اضلاع کے 9 پٹرول پمپوں سے ایندھن کے نمونے لیے ہیں۔ ان کا مقصد ای-20 پٹرول کے معیار کی جانچ کرنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ اس میں مقررہ مقدار میں ایتھنول ملایا گیا ہے یا نہیں۔ ان نمونوں میں ایتھنول کی مقدار اور ایندھن کے مجموعی معیار کی جانچ کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ستیسن نے ’ایکس‘ پوسٹ کے ذریعہ بتایا کہ 10 دن کے اندر جانچ کے نتائج آنے کی امید ہے۔ ریاست بھر کے دیگر پٹرول پمپوں پر بھی اس طرح کی جانچ کی جائے گی۔ کیرلم حکومت نے وارننگ دی ہے کہ اگر کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ قدم ای-20 پٹرول کی فراہمی اور معیار میں بے ضابطگیوں کی خبروں کے درمیان اٹھایا گیا ہے۔ ای-20 پٹرول میں 20 فیصد تک ایتھنول اور 80 فیصد پٹرول کا مرکب ہوتا ہے۔
ایتھنول ملے ایندھن کے بڑھتے استعمال کے باعث اب معیار پر قابو پانے کے معاملے پر دوبارہ توجہ دی جا رہی ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ صارفین کو اسی معیار کا ایندھن ملے جس کے لیے وہ پیسے ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی معیاری ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یہ جانچ مہم کافی اہم ہے کیونکہ ای-20 پٹرول مرکزی حکومت کے ’ایتھنول بلینڈنگ پروگرام‘ کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد درآمد شدہ خام تیل پر انحصار کم کرنا اور قابل تجدید ایندھن کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ حالانکہ ایندھن کے معیار کو لے کر ظاہر کی گئی تشویش نے مؤثر نگرانی کو ضروری بنا دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب زیادہ سے زیادہ پٹرول پمپ ایتھنول کی زیادہ مقدار ملے ایندھن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جاری جانچ کے نتائج سے پتہ چلے گا کہ جن پٹرول پمپوں کی جانچ کی گئی ہے، وہاں معیار سے متعلق ضابطوں کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ یہ جانچ صرف ان 9 پٹرول پمپوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ آنے والے دنوں میں مزید پٹرول پمپوں کی بھی جانچ کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔