
تصویر ’ایکس‘ @RahulGandhi
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج ایک بار پھر ایوان میں نہیں آئے، جس کی وجہ سے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے لوک سبھا میں اپنا سخت احتجاج ظاہر کیا۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے تو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر امت شاہ پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے یہاں تک لکھ دیا کہ ’’ملک کے وزیر داخلہ منھ چھپا رہے ہیں کیونکہ وہ طلبا کے گنہگار ہیں۔‘‘
دراصل اپوزیشن لیڈران جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے والے طلبا کے خلاف پولیس کی بربریت سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ کا ایوان میں بیان چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی ملک بھر میں طلبا کے خلاف ہو رہے مظالم پر ایوان میں بحث کی خواہش بھی اپوزیشن لیڈران ظاہر کر چکے ہیں۔ پارلیمانی احاطہ میں روزانہ احتجاجی مظاہرہ کے ذریعہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ امت شاہ اس معاملے میں اپنا بیان دیں، لیکن مرکزی وزیر داخلہ نے اب تک خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس طویل خاموشی کی وجہ سے کانگریس کے کچھ سرکردہ لیڈران نے امت شاہ سے استعفیٰ تک کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اس درمیان کانگریس کے لوک سبھا رکن کے سی وینوگوپال نے بھی امت شاہ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے پارلیمنٹ احاطہ میں میڈیا اہلکاروں کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ’’جس شخص کو حد بندی کا بل لانا ہے، وہ خود پارلیمنٹ میں نہیں آ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے 20 جولائی کو مظاہرین طلبا کے خلاف ہوئی کارروائی پر امت شاہ کا کوئی بیان سامنے نہ آنے پر بھی تنقید کی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’انھیں (امت شاہ کو) پارلیمنٹ میں آ کر وضاحت کرنی چاہیے کہ 20 جولائی کو طلبا پر فائرنگ کا حکم کس نے دیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’وہ جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، کیونکہ وہ قصوروار ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔