
گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia
ستمبر ماہ کے بعد ہندوستان کے پاس موجود ’فوریکس ریزروس‘ یعنی غیر ملکی کرنسی کا ذخیرہ تیزی کے ساتھ گھٹا ہے۔ گزشتہ روز آر بی آئی (ریزرو بینک آف انڈیا) نے جو ہفتہ واری رپورٹ جاری کی ہے، اس کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ میں 80 بلین ڈالر سے زیادہ کی گراوٹ ہوئی ہے۔ یہ خبر عام ہونے کے بعد کانگریس نے مودی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ مودی کی شبیہ بچانے کے لیے ملک کا نقصان کیا جا رہا ہے۔
کانگریس نے ’فوریکس ریزروس‘ میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران درج گراوٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’یہ خزانہ خالی اس لیے ہوا، کیونکہ تیزی سے گرتے روپے کو بچانے کے لیے ڈالر فروخت کیا جا رہا ہے۔ ساری قواعد اس لیے کیونکہ 1 ڈالر اگر 100 روپے کے برابر ہو گیا تو نریندر مودی کی ’کھوکھلی‘ شبیہ کو نقصان پہنچے گا۔‘‘ ساتھ ہی لکھا گیا ہے کہ ’’مودی کی شبیہ کو بچانے کے لیے ملک کا نقصان کیا جا رہا ہے۔‘‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے آر بی آئی کے ذریعہ جاری اعداد و شمار کی جانکاری بھی دی ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کا بیرون ملکی کرنسی کا ذخیرہ تیزی سے گھٹ رہا ہے۔ گزشتہ 2 ماہ میں 80 بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم صاف ہو گئی۔‘‘ آگے بتایا گیا ہے کہ ’’4 ستمبر میں ذخیرہ 785.70 بلین ڈالر کا تھا، جو کہ 13 نومبر میں 705.34 بلین ڈالر ہو گیا۔‘‘ کانگریس نے ’ایکس‘ پر ایک گرافکس بھی پوسٹ کی ہے، جس میں دکھا گیا ہے کہ ستمبر ماہ میں ’فوریکس ریزروس‘ 785.70 بلین ڈالر تھا، اکتوبر ماہ میں یہ 717.06 بلین ڈالر ہو گیا، اور 13 نومبر تک گھٹ کر یہ 705.34 بلین ڈالر ہو گیا۔ گرتے ہوئے گراف میں پی ایم مودی کو اوپر سے نیچے کی طرف سلائیڈ کرتا ہوا بھی دکھایا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روپے کو حمایت دینے کے لیے بیرون ملکی کرنسی مارکیٹ میں آر بی آئی مداخلت کر رہا ہے۔ کرنسی کے ’ڈیپریسیشن‘ (قدر میں کمی) کو روکنے کے لیے سنٹرل بینک نے ڈالر فروخت کیے ہیں۔ 20 نومبر 2026 کی رپورٹ میں اس بات کا ذکر ہے کہ ستمبر میں 785.70 بلین ڈالر کے ریکارڈ سطح تک پہنچانے کے بعد سے ذخیرہ میں تقریباً 66 بلین ڈالر کی کمی آئی ہے۔ حالانکہ کسی بھی خاص ہفتہ میں درج کی گئی گراوٹ کو صرف ڈالر کی فروخت کے لیے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔