
محکمہ جنگلات کی ٹیم پر ریت مافیا کا حملہ (ویڈیو گریب)
مدھیہ پردیش کے شیوپور میں غیر قانونی ریت سے بھرے ٹریکٹر کو روکے جانے پر ریت مافیا نے محکمہ جنگلات کی ٹیم کی بری طرح پٹائی کر دی۔ حملے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں ریت مافیا کے افراد محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں لاٹھیاں اور بندوقیں بھی نظر آ رہی ہیں۔ یہ واقعہ کل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو آج اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کر کانگریس نے مدھیہ پردیش کی موہن یادو حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت اپنی جیب بھرنے اور گھوٹالوں میں اس قدر مصروف ہے ک انہیں ریاست میں لا اینڈ آرڈر درست رکھنے کی کوئی فکر ہی نہیں ہے۔‘‘
کانگریس نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’مدھیہ پردیش میں قانون کی نہیں، مجرموں کی حکمرانی چل رہی ہے۔ ریت مافیاؤں نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کر دیا۔ 2 فاریسٹ گارڈز کو زخمی کر کے مافیا ضبط شدہ ٹریکٹر چھڑا لے گئے۔‘‘ کانگریس نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’موہن یادو جی، زمین گھوٹالوں اور خاندان کو کروڑ پتی بنانے سے فرصت ملے تو ریاست کے لا اینڈ آرڈر پر بھی توجہ دیجیے۔‘‘
دراصل محکمہ جنگلات کی ٹیم نے غیر قانونی ریت سے بھرا ایک ٹریکٹر ضبط کر لیا تھا۔ ریت مافیا اس ٹریکٹر کو چھڑانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جب انہیں محسوس ہوا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار سختی سے پیش آ رہے ہیں اور ضبط شدہ ٹریکٹر چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں تو مافیاؤں نے لاٹھیوں سے ان پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں 2 فاریسٹ گارڈز زخمی ہو گئے۔
سبل گڑھ رینج کے رینجر سومیش شرما نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ جمعہ (20 نومبر) کو وہ معمول کی گشت پر نکلے تھے۔ اسی دوران ٹیم نے ریت سے بھرا ایک ٹریکٹر دیکھا اور اس کا پیچھا کر کے اسے ضبط کر لیا اور اپنے ساتھ لے گئی۔ ٹریکٹر کے پیچھے 2 موٹر سائیکلیں بھی چل رہی تھیں۔ ان پر سوار افراد نے ٹیم پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔