قومی خبریں

’پوسٹ کرنے والوں کا نام، پتہ بتائیں‘، آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کے خلاف نازیبا تبصروں پر دہلی پولیس کا ’ایکس‘ کو خط

افسران کے مطابق سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعہ ایسی پوسٹس کی شناخت کی جا رہی ہے جن میں مبینہ طور پر قابل اعتراض، نازیبا یا اشتعال انگیز زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔

دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس 

دہلی پولیس نے آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کے خلاف قابل اعتراض اور نازیبا تبصرے والے پوسٹس کو لے کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کو نوٹس بھیجا ہے۔ پولیس نے ایسے پوسٹس کو نہ صرف فوری طور پر ڈیلیٹ کرنے کو کہا ہے کہ بلکہ ان سے متعقلہ اکاؤنٹ ہولڈر کا نام اور پتہ سمیت دیگر ضروری تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نازیبا تبصروں کے خلاف شکایت ملنے کے بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔ پولیس نے ’ایکس‘ کو خط لکھ کر کہا کہ آئینی عہدوں پر فائز شخصیات کے خلاف توہین آمیز، گمراہ کن اور ہتک آمیز مواد شیئر کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے ’ایکس‘ سے ایسی تمام پوسٹس/ویڈیوز کو فوری طور پر ڈیلیٹ کرنے کو کہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایسی پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹ ہولڈر کا مکمل نام، پتہ، رابطے کی تفصیلات اور ای میل آئی ڈی جیسی مکمل رجسٹریشن کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مواد پوسٹ کرنے والے کی لاگ ان اور لاگ آؤٹ کی تفصیلات، وقت اور تاریخ کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔

پولیس نے ’ایکس‘ سے یہ بھی کہا ہے کہ اگر تفتیش میں معاون ثابت ہونے والی کوئی اور ضروری معلومات موجود ہوں تو وہ بھی فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی مبینہ پوسٹ/ویڈیو سے منسلک تفصیلات کو بھی مستقبل کے لیے محفوظ رکھنے کو کہا گیا ہے۔ دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کے خلاف کارروائی مسلسل جاری ہے۔ افسران کے مطابق سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعہ ایسی پوسٹس کی شناخت کی جا رہی ہے جن میں مبینہ طور پر قابل اعتراض، نازیبا یا اشتعال انگیز زبان کا استعمال کیا گیا ہے۔ ایسے معاملات میں متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم، اکاؤنٹ چلانے والوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو نوٹس بھیج کر معلومات طلب کی جا رہی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔