
بس کنڈکٹر اور ڈرائیور رقم واپس کرتے ہوئے، تصویر، سوشل میڈیا
’تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن‘ (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی ایک خاتون بس کنڈکٹر نے اپنی ایمانداری کے ذریعہ سبھی کا دل جیت لیا ہے۔ در اصل خاتون کی بس میں ایک مسافر کا بیگ رہ گیا تھا، جس میں 3 لاکھ روپے تھے۔ شاد نگر ڈبو کی خاتون کنڈکٹر نے روپے سے بھرے بیگ کو واپس کر دیا۔ شاد نگر باشندہ تاجر جہانگیر اپنی اہلیہ کے ساتھ حج بیت اللہ کے سفر پر جانے کی تیاری کر رہے تھے، اور ہفتے کے روز وہ بس کے ذریعہ حیدر آباد جا رہے تھے۔
افضل گنج بس اسٹینڈ اترنے کے بعد وہ نامپلی کی جانب چلے گئے۔ حالانکہ کچھ دیر کے بعد انہیں احساس ہوا کہ 3 لاکھ روپے سے بھرا بیگ بس میں ہی رہ گیا۔ وہیں بس میں موجود آر ٹی سی کنڈکٹر سریتا کی نظر ایک لاوارث بیگ پر پڑی۔ خاتون کنڈکٹر نے بلا تاخیر بس ڈرائیور نرسمہلو کو بتایا، دونوں نے روپے سے بھرے بیگ کو اپنے پاس حفاظت سے رکھ لیا۔
دوسری جانب جہانگیر افرا تفری میں بس اسٹینڈ پر واپس آئے، کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو سے اپنے بیگ کے بارے میں دریافت کیا۔ جہانگیر نے بیگ سے متعلق تفصیلات بتائیں، جس کے بعد کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو نے تفصیلات کی تصدیق کی۔ اس کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر نے 3 لاکھ روپے سے بھرا بیگ جہانگیر کے حوالے کر دیا۔ اس معاملے سے متعلق ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آیا ہے، جس میں کنڈکٹر سریتا کے ذریعہ بس میں 3 لاکھ روپے مسافر جہانگیر کے حوالے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بس ملازمین کی اس ایمانداری کی چہار جانب ستائش کی جا رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔