قومی خبریں

تمل ناڈو انتخاب: کانگریس نے انتخابی منشور کیا جاری، 3 لاکھ ملازمتوں اور 10 ہزار خاتون کمانڈوز کی بھرتی کا وعدہ

صحت کے محاذ پر کانگریس نے 2030 تک 100 فیصد کتوں کی ٹیکہ کاری اور نس بندی کے ساتھ تمل ناڈو کو ’ریبیز فری‘ بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ ساتھ ہی گڈھوں سے پاک سڑکوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی بھی بات کہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>

گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia

 

آئندہ 23 اپریل کو ہونے والے تمل ناڈو اسمبلی انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے جمعرات کو اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا۔ یہ انتخابی منشور ’تمل ناڈو کی تبدیلی‘ کا غماز معلوم پڑ رہا ہے۔ اس منشور کے اجرا کے موقع پر کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، کانگریس رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم اور ریاستی کانگریس صدر کے سیلواپیرونتھاگائی موجود تھے۔ اس انتخابی منشور میں روزگار، عوامی تحفظ، صحت کی خدمات اور قانون و انتظام کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اقدامات کے ذریعے ریاست میں تبدیلی لانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

Published: undefined

عوامی سلامتی اس منشور کا اہم نکتہ ہے، جس میں 40,000 نئے پولیس اہلکاروں کی بھرتی کا منصوبہ شامل ہے، جن میں 10,000 خاتون کمانڈوز بھی ہوں گی۔ کانگریس نے پولیس، فائر بریگیڈ، چائلڈ ہیلپ اور ایمبولینس خدمات کو یکجا کرنے والا ایک عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کا بھی عزم کیا ہے، جہاں تمام ہنگامی حالات کے لیے ’ڈائل 100‘ ایک مشترک نمبر ہوگا۔ پارٹی نے تاریخی عبادت گاہوں کو فروغ دے کر، کثیر لسانی گائیڈ فراہم کر کے اور سیاحتی مقامات کو منظم کر کے تمل ناڈو کو عالمی روحانی سیاحت کا مرکز بنانے کا ہدف بھی پیش کیا ہے۔

Published: undefined

صحت کے شعبہ میں پارٹی نے 2030 تک 100 فیصد کتوں کی ٹیکہ کاری اور نس بندی کے ذریعہ تمل ناڈو کو ’ریبیز فری‘ بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ ساتھ ہی گڈھوں سے پاک سڑکوں کے لیے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو تقریباً صفر تک لانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

Published: undefined

انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے کہا کہ یہ دستاویز آئندہ 5 برسوں کے لیے ریاست کی ترقی کا روڈ میپ ہوگا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیاں تمل ناڈو میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گی۔ کارتی چدمبرم نے اس بات پر انتہائی خوشی ظاہر کی کہ کانگریس نے اپنے منشور میں ریاست کے نوجوانوں کے لیے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر ان کی اتحادی حکومت اقتدار میں آتی ہے تو ریاست میں خالی پڑی 3,00,000 (تین لاکھ) سرکاری اسامیوں کو فوری طور پر پُر کیا جائے گا۔

Published: undefined

کارتی چدمبرم نے انتخابی منشور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس منشور کو آئندہ 5 برسوں کے لیے تمل ناڈو کی حکمرانی کے ایک خاکہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔‘‘

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو میں 23 اپریل کو ایک ہی مرحلہ میں ووٹنگ ہوگی، جس میں ریاست کی تمام 234 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔ تمل ناڈو میں اہم مقابلہ ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر پروگریسو الائنس (ایس پی اے) اور اے آئی اے ڈی ایم کے کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے درمیان متوقع ہے، جس میں بی جے پی اور پتالی مکل کچی (پی ایم کے) اتحادی ہیں۔ کانگریس اپنے اتحاد (ایس پی اے) کے تحت 28 نشستوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ اداکار سے سیاستدان بننے والے وجئے بھی ٹی وی کے پارٹی کے نام پر انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں، جس سے مقابلہ سہ رخی ہو سکتا ہے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined