
راہل گاندھی کا وجے کو فون
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے تمل ناڈو کے معروف اداکار و سیاست دان تھلاپتی وجے سے بات کر کے ان کی پارٹی ٹی وی کے کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ یہ مینڈیٹ نوجوانوں کی ابھرتی ہوئی آواز کی عکاسی کرتا ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے تمل ناڈو اور پڈوچیری میں کانگریس کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ کانگریس پارٹی عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ تمل ناڈو میں تھلاپتی وجے کی پارٹی ٹی وی کے نے 71 سیٹوں پر جیت کے ساتھ 106 سیٹوں پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ جبکہ برسراقتدار اور وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی پارٹی ڈی ایم کے محض 59 سیٹوں تک محدود نظر آ رہی ہے۔ غورطلب ہے کہ 234 سیٹوں کی تمل ناڈو اسمبلی میں اکثریت کے لیے 117 سیٹیں درکار ہیں۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو میں نہ ہی ڈی ایم کے اتحاد کو اکثریت حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہے، نہ ہی اے ڈی ایم کے اتحاد کو۔ دونوں ہی حکومت سازی کے لیے ضروری 118 سیٹوں سے بہت پیچھے ہیں۔ ٹی وی کے اس معاملہ میں سب سے آگے ہے، جو تازہ ترین خبروں کے مطابق 109 سیٹیں حاصل کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ سیٹوں پر مقابلہ بہت قریبی ہے، یعنی ٹی وی کے کی سیٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ ڈی ایم کے اتحاد کو فی الحال 72 اور اے ڈی ایم کے اتحاد کو 53 سیٹیں ملتی دکھائی دے رہی ہے۔ بقیہ سیٹوں پر دیگر پارٹیوں کے امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ مقامی کانگریس لیڈران نے ٹی وی کے کو حمایت دینے کا واضح اشارہ دے دیا ہے۔ ایسے میں ٹی وی کے بہ آسانی حکومت سازی کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
اس درمیان وجئے کی پارٹی ٹی وی کے سے تعلق رکھنے والے ایک لیڈر ادھو ارجن نے میڈیا سے کہا کہ ’’ہم اس فتح کو کرور حادثہ کے متاثرین کو وقف کرتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ووٹ کے بدلے نقدی دینے کی رسم ختم ہو گئی ہے۔ تمل ناڈو کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔‘‘
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
رجحانات میں وجئے کی پارٹی ٹی وی کے مستقل ’نمبر 1‘ بنی ہوئی ہے۔ حالانکہ ریاست میں سہ رخی مقابلہ کے سبب ڈی ایم کے اتحاد اور اے ڈی ایم کے اتحاد میں دوسرے مقام کے لیے زبردست ٹکر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کافی دیر دوسرے مقام پر رہنے کے بعد اے ڈی ایم کے اتحاد تیسرے مقام پر چلی گئی ہے۔ یعنی ڈی ایم کے اتحاد نے دوسرے مقام پر قبضہ کر لیا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ٹی وی کے 5 سیٹوں پر جیت حاصل کر چکی ہے، جبکہ 102 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ ڈی ایم کے اتحاد نے 2 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے اور 65 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔ اے ڈی ایم کے اتحاد کو فی الحال کسی بھی سیٹ پر کامیابی نہیں ملی ہے، حالانکہ 60 سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئی ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو کانگریس کمیٹی کے کچھ لیڈران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں پارٹی ’تملگا ویتری کژگم‘ (ٹی وی کے) کی حمایت کر سکتی ہے۔ حالانکہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ ریاستی یونٹ سے ملی جانکاری کے بعد اعلیٰ کمان کے ذریعہ لیا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اے آئی اے ڈی ایم کے نے بھی اشارہ دیا ہے کہ وہ ٹی وی کے کو حمایت دے سکتی ہے۔ پارٹی ترجمان اپسرا ریڈی نے ایک میڈیا ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ جانتے ہیں، اس طرح کے کسی بھی قدم کے لیے میں اصولی طور سے اپنا رخ بدل سکتی ہوں، لیکن حتمی فیصلہ پارٹی پر منحصر کرتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر مقصد ڈی ایم کے کو اتحاد سے باہر رکھنا ہے، تو اے آئی اے ڈی ایم کے اس پر غور کر سکتی ہے۔‘‘
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تھلاپتی وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ کے طوفان میں کئی سیاسی ہستیوں کی حالت خستہ دکھائی دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کولاتھور اسمبلی سیٹ پر پیچھے چل رہے ہیں، اور ووٹوں کا فاصلہ 1200 سے زیادہ کا بتایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد اسٹالن کو ٹی وی کے امیدوار ایس وی بابو سے سخت مقابلہ مل رہا ہے۔ دوسری طرف ٹی وی کے چیف تھلاپتی وجئے پہلے دور کی ووٹنگ کے بعد تیروچیراپلی سیٹ پر 1649 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ یہاں 44 راؤنڈ کی گنتی ہونی ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو میں 216 سیٹوں کے رجحانات سامنے آ گئے ہیں اور وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے رجحانات میں سنچری بھی لگا دی ہے۔ اس پارٹی کے 100 امیدوار اپنی اپنی سیٹوں پر سبقت بنائے ہوئے ہیں، جبکہ ڈی ایم کے اتحاد کے 47 امیدوار اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد کے 69 امیدواروں نے برتری بنا لی ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو کی 234 رکنی اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے جادوئی نمبر 118 ہے، اور اس نمبر کی طرف وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ بہت تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اب تک جن 206 اسمبلی سیٹوں کے رجحانات سامنے آئے ہیں، ان میں 85 سیٹوں پر ٹی وی کے امیدوار نے سبقت بنا لی ہے۔ ڈی ایم کے اتحاد نے 56 اور اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد نے 65 سیٹوں پر برتری بنائی ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو میں 234 اسمبلی سیٹوں میں سے اب تک 184 سیٹوں کے رجحانات سامنے آ گئے ہیں۔ وجئے کی پارٹی ’ٹی وی کے‘ نے سبھی کو حیران کرتے ہوئے ابتدائی رجحانات میں سبقت بنا لی ہے۔ اس کے امیدوار 82 سیٹوں پر آگے چل رہے ہیں، جبکہ کانگریس+ڈی ایم کے اتحاد 58 سیٹوں پر اور بی جے پی+اے آئی اے ڈی ایم کے اتحاد 44 سیٹوں پر آگے ہے۔ اس طرح ریاست میں مقابلہ پوری طرح سہ رخی دکھائی دے رہا ہے۔ گزرتے ہوئے وقت کے ساتھ یہ مقابلہ مزید دلچسپ ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
تمل ناڈو میں ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ابتدائی رجحانات میں ڈی ایم کے نے سبقت حاصل کر لی ہے، جبکہ کولاتھور سیٹ سے وزیر اعلیٰ اسٹالن پیچھے ہو گئے ہیں۔ تمل ناڈو کی 234 اسمبلی سیٹوں پر ایک مرحلہ میں 23 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی، جہاں ووٹرس میں زبردست جوش دکھائی دیا۔ ریاست میں 85 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی تھی، اور سبھی کی نظریں تھلاپتی وجئے پر مرکوز ہیں، جو سیاست میں ’فلمی اسٹائل‘ میں انٹر مارنے کے لیے بے تاب ہیں۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ وہ ’کنگ میکر‘ بن کر سامنے آتے ہیں، یا پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 May 2026, 8:59 AM IST