
تھلاپتی وجئے، تصویر سوشل میڈیا
تمل ناڈو میں حکومت سازی کی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ وجئے کی پارٹی تملگا ویتری کزگم (ٹی وی کے) نے 5 مئی کو گورنر سے ملاقات کر اکثریت ثابت کرنے کے لیے 2 ہفتہ کا وقت مانگا، اور پھر اس کے بعد 118 کی تعداد مکمل کرنے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر سے 10 سیٹ دور وجئے کی پارٹی ٹی وی کے کو کانگریس کی حمایت مل چکی ہے، اور اب اسے محض 5 سیٹوں کی ضرورت ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق وجئے نے ’ودوتھلائی چیروتھائیگل کچی‘ (وی سی کے) کے سربراہ تھول تھیروموالون کو خط لکھ کر حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس پارٹی کو اسمبلی انتخاب میں 2 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں ٹی وی کے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 سیٹوں پر فتح حاصل کی۔ کانگریس کے حصے میں 5 سیٹیں آئی ہیں۔ ٹی وی کے سے جڑے ایک ذرائع نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بھی مطلع کیا ہے کہ بایاں محاذ کی پارٹیاں بھی حمایت کے لیے راضی ہیں، جن کے پاس 4 سیٹیں ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو وجئے کے لیے حکومت سازی کچھ مشکل نہیں ہے۔ کانگریس کے بعد بایاں محاذ اور سی وی کے کی حمایت مل جاتی ہے تو سیٹوں کی مجموعی تعداد 119 پہنچ جائے گی، جو کہ اکثریت ثابت کرنے کے لیے کافی ہے۔
Published: undefined
دلچسپ بات یہ ہے کہ اے آئی اے ڈی ایم کے میں شگاف پڑنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ دراصل 47 سیٹیں حاصل کرنے والی اے آئی اے ڈی ایم کے نہیں چاہتی ہے کہ وجئے کی حمایت کی جائے، لیکن پارٹی کے 2 درجن سے زائد منتخب اراکین اسمبلی وجئے کو کم از کم ایک سال کے لے باہر سے حمایت دینے کے حق میں ہیں۔ پارٹی میں 2 طرح کے نظریات نے پھوٹ پیدا کر دی ہے اور اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کبھی بھی پارٹی 2 حصوں میں منقسم ہو سکتی ہے۔ وجئے کی حمایت کرنے والے اے آئی آئی ڈی ایم کے اراکین اسمبلی کی آج میٹنگ بھی ہونے والی ہے۔
Published: undefined
بہرحال، کانگریس نے وجئے کی پارٹی کو حمایت دینے کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا ہے۔ گزشتہ روزکانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمل ناڈو کے انتخابی نتائج یہ صاف ظاہر کرتے ہیں کہ عوام ایک جمہوری حکومت چاہتی ہے، جو آئین پر پوری طرح عمل کرے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس یہ طے کرنا چاہتی ہے کہ بی جے پی یا اس کے ساتھیوں کا اگلی حکومت میں کوئی کردار نہ ہو۔ کانگریس نے ٹی وی کے کو حمایت دینے سے متعلق آخری فیصلہ لینے کا حق تمل ناڈو یونٹ پر ہی چھوڑ دیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ تمل ناڈو کانگریس کے کچھ لیڈران نے 4 مئی کو ہی وجئے کی حمایت کرنے کا موقف ظاہر کر دیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined