قومی خبریں

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر سپریم کورٹ سخت، دہلی سمیت 4 ریاستی حکومتوں سے 2 ہفتوں میں ایکشن پلان طلب

عدالت نے پوچھا ہے کہ اب تک کتنی گاڑیوں کی جانچ اور کتنے چالان کاٹے گئے ہیں۔ ریاستوں کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے عدالت نے اگلی سماعت 23 نومبر کو مقرر کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس

 

سپریم کورٹ نے دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور بالخصوص گاڑیوں سے ہونے والے اخراج پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دہلی، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان سے 2 ہفتوں کے اندر ایکشن پلان طلب کیا ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے اس معاملے میں حکومت دہلی، میونسپل کارپوریشن دہلی (ایم سی ڈی)، دہلی پولیس محکمۂ ٹریفک کے ساتھ ساتھ ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کی حکومتوں کو گاڑیوں کی آمد و رفت، اخراج کے مقررہ معیار اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں پر قابو پانے کے لیے تفصیلی لائحۂ عمل پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ان سے گاڑیوں کے اخراج کے معیار اور قوانین پر عمل درآمد کے ضابطوں اور طریقۂ کار کی معلومات فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گاڑیوں کے لیے جاری کیے جانے والے پی یو سی یعنی آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ کے قواعد پر سختی سے عمل درآمد کے بارے میں بھی معلومات طلب کی گئی ہیں۔ بنچ نے پرانی اور مقررہ معیار پر پوری نہ اترنے والی گاڑیوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ عدالت نے پوچھا ہے کہ اب تک کتنی گاڑیوں کی جانچ کی گئی ہے اور کتنے چالان کاٹے گئے ہیں، مکمل اعداد و شمار پیش کیے جائیں۔ ریاستوں کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت 23 نومبر کو مقرر کی ہے۔

دوسری جانب راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے دہلی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’دہلی میں برسر اقتدار بدعنوان بی جے پی حکومت جھوٹے اعداد و شمار کی آڑ میں آلودگی کی ناقابل برداشت تکلیف کو چھپانا چاہتی ہے۔ آلودگی کی سطح کی حقیقت کیا ہے، یہ ان معصوم بچوں، بیماروں اور بزرگوں سے پوچھئے، جو ایک ایک سانس لینے کے لیے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بی جے پی جھوٹی تھی، جھوٹی ہے اور جھوٹی ہی رہے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ دہلی میں فضائی آلودگی اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے 10 نومبر بروز منگل کی صبح 6 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق راجدھانی کے کئی علاقوں میں اے کیو آئی 300 سے زیادہ درج کیا گیا ہے۔ سب سے خراب صورتحال چاندنی چوک میں رہی، جہاں اے کیو آئی 400 تک درج کیا گیا۔ وہیں پوسا میں اے کیو آئی 398 ریکارڈ کیا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔