سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سیکورٹی کو لے کر بڑی خبر آئی ہے اور اس خبر کے مطابق ان کی ایس پی جی سیکورٹی ہٹا دی گئی ہے۔ اب انہیں زیڈ پلس سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منموہن سنگھ پر کتنا خطرہ ہے اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی یہ فیصلہ لیا گیا ہے، اس سے پہلے قریب تین سال پہلے منموہن سنگھ کی تینوں بیٹیوں کی بھی ایس پی جی سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی۔
واضح رہے ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ کسی سابق وزیر اعظم کی ایس پی جی سیکورٹی ہٹائی گئی ہے، اس سے قبل سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا اور وی پی سنگھ کی بھی ایس پی جی سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی اور یہ ان کی زندگی کو کتنا خطرہ ہے اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی کیا گیا تھا۔
ابھی جن لوگوں کو ایس پی جی سیکورٹی مل رہی ہے ان میں وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی شامل ہیں۔ حکومت ان شخصیات کو خطرہ اور سرکاری خزانہ پر پڑ رہے مالی بوجھ کا جائزہ لے کر ہی یہ فیصلہ لیتی ہے کہ ان کو ایس پی جی سیکورٹی دی جا سکتی ہے یا نہیں۔ واضح رہے ابھی حکومت کئی اور منتخب ارکان کو ملنے والی سرکاری سیکورٹی کا بھی جائزہ لے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Aug 2019, 12:10 PM IST