قومی خبریں

سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کا اجرا، ہندوستانی معاشرے میں قبولیت حاصل کرنے کی جدوجہد بیان کی

سونیا گاندھی نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب کے اجرا کے موقع پر ہندوستان میں ایک بیرونی فرد کے طور پر قبولیت حاصل کرنے کی جدوجہد بیان کی اور کہا کہ بہت سی دیگر خواتین ایسے ہی تجربات سے گزرتی ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

 

نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے پیر کو نئی دہلی میں اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ کا باضابطہ اجرا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کتاب کے عنوان کے پس منظر اور اٹلی سے ہندوستان آنے کے بعد یہاں کے معاشرے میں اپنی جگہ بنانے اور قبولیت حاصل کرنے کی جدوجہد کے بارے میں تفصیل سے اظہار خیال کیا۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ ’بیلانگنگ‘ (Belonging) ایک ایسا لفظ ہے جو ان کی کتاب میں بار بار سامنے آتا ہے۔ یہ اس جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے جو انہوں نے خود کو ہندوستانی معاشرے کا حصہ بنانے اور یہاں قبولیت حاصل کرنے کے لیے کی۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی معاشرے میں باہر سے آتے ہیں تو اکثر یہ محسوس ہوتا ہے کہ آپ دوسروں جیسے نہیں ہیں اور لوگ مسلسل آپ کو دیکھ رہے ہیں۔ ایسی صورت حال میں اگر آپ سے کوئی غلطی ہو جائے، کوئی لفظ غلط استعمال ہو جائے یا کوئی کام درست طریقے سے نہ ہو تو آپ فوراً اس کے تئیں حساس ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ سب کچھ قبول کیے جانے اور بالآخر اس معاشرے کا حصہ بننے کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ تجربہ صرف ان کا نہیں ہے، جو اٹلی سے ہندوستان آئی تھیں، بلکہ ہندوستان کی بہت سی خواتین بھی اسی طرح کے حالات سے گزرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سماجی اور ثقافتی ماحول سے آنے کی وجہ سے ان کے لیے یہ تجربہ شاید کچھ زیادہ مشکل رہا ہو، لیکن ہندوستانی خواتین کے لیے بھی اپنی جگہ بنانا اور معاشرے میں قبولیت حاصل کرنا اتنا ہی مشکل اور چیلنجنگ ہو سکتا ہے۔ انہیں بھی اس مقصد کے لیے بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔

سونیا گاندھی نے واضح کیا کہ یہی احساس اور تجربات ان کی کتاب کے عنوان کے انتخاب کی بنیادی وجہ بنے۔ انہوں نے اپنی کتاب کا نام ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ اسی لیے رکھا ہے کہ یہ اپنائیت، قبولیت اور کسی معاشرے سے تعلق کے احساس کی تلاش کی کہانی ہے۔

کتاب کی تقریبِ اجرا میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سمیت پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں انڈیا اتحاد کے کئی رہنما بھی شریک ہوئے، جن میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشیک بنرجی، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ شامل تھے۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے اور بی جے پی رہنما و پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ہارپر کولنز انڈیا کے زیر اہتمام شائع ہونے والی یہ کتاب 10 نومبر کو منظر عام پر آئی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔