قومی خبریں

ایس آئی آر: منی پور سے گوا تک 5 انتخابی ریاستوں میں 2 کروڑ 29 لاکھ ووٹ حذف

اتر پردیش کی ووٹر لسٹ میں اصلاح کے بعد تقریباً 2.04 کروڑ ووٹرس کی کمی ہوئی۔ یہ مجموعی ووٹرس کا تقریباً 13.24 فیصد ہے اور پانچوں ریاستوں میں سب سے زیادہ کمی یہیں دیکھی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

 

اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹرس کی تعداد میں 13.24 فیصد تک کی کمی آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان 5 ریاستوں میں ووٹرس کی تعداد تقریباً 18.71 کروڑ تھی، جو گھٹ کر 16.43 کروڑ رہ گئی ہے۔ اگر دیکھا جائے تو تقریباً 2.29 کروڑ ووٹرس کم ہوئے ہیں، یہ تقریباً 12.2 فیصد کی گراوٹ ہے۔ ان 5 ریاستوں میں آئندہ سال کے آغاز میں اسمبلی انتخاب کرائے جائیں گے۔

حال ہی میں الیکشن کمیشن اور ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان 5 ریاستوں میں ایس آئی آر کے بعد ووٹرس کی تعداد تقریباً 18.71 کروڑ سے گھٹ کر 16.43 کروڑ رہ گئی ہے۔ ان ریاستوں میں سب سے زیادہ اثر اتر پردیش میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں مجموعی کمی کا تقریباً 90 فیصد حصہ ہے۔ اتر پردیش میں ایس آئی آر کا کام دوسرے مرحلے میں ہوا تھا۔ ایس آئی آر سے پہلے ریاست میں 15.44 کروڑ ووٹر تھے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں یہ تعداد گھٹ کر 12.56 کروڑ رہ گئی، تاہم حتمی ووٹر لسٹ میں اصلاح کے بعد بڑھ کر 13.40 کروڑ ہو گئی۔

اتر پردیش میں 2 کروڑ سے زائد ووٹرس کے نام حذف ہوئے

اتر پردیش کی ووٹر لسٹ میں اصلاح کے بعد تقریباً 2.04 کروڑ ووٹرس کی کمی ہوئی۔ یہ کل ووٹرس کا تقریباً 13.24 فیصد ہے اور پانچوں ریاستوں میں سب سے زیادہ کمی یہیں دیکھی گئی ہے۔ ڈرافٹ لسٹ سے تقریباً 2.89 کروڑ نام ہٹائے گئے تھے، جن میں سے تقریباً 84 لاکھ یعنی قریب 29 فیصد نام دوبارہ شامل کر دیے گئے۔

پنجاب میں 14 لاکھ ووٹرس کے نام کٹے

پنجاب میں تیسرے مرحلے میں ایس آئی آر کیا گیا۔ ووٹرس کی تعداد ڈرافٹ لسٹ میں 2.15 کروڑ سے گھٹ کر 1.94 کروڑ رہ گئی اور پھر حتمی ووٹر لسٹ میں 2.01 کروڑ رہی۔ ووٹرس کی تعداد میں مجموعی کمی تقریباً 14 لاکھ یا 6.34 فیصد رہی۔ یہاں سب سے زیادہ نام دوبارہ شامل کیے گئے۔ ڈرافٹ لسٹ سے ہٹائے گئے تقریباً 21 لاکھ ووٹرس میں سے قریب 7 لاکھ ووٹرس کے نام دوبارہ فہرست میں شامل کیے گئے۔

اتراکھنڈ میں 8 لاکھ ووٹرس کے نام کٹے

اتراکھنڈ میں تیسرے مرحلے میں ایس آئی آر ہوا۔ ووٹرس کی تعداد 80 لاکھ سے گھٹ کر 71 لاکھ رہ گئی۔ حتمی ووٹر لسٹ میں یہ تعداد 72 لاکھ ہو گئی۔ اس طرح ووٹرس کی مجموعی تعداد میں تقریباً 8 لاکھ یا 10.07 فیصد کی کمی آئی۔ ہٹائے گئے ناموں میں سے صرف 25 ہزار نام دوبارہ شامل کیے گئے، جو فہرست سے ہٹائے گئے کل ناموں کا تقریباً 3 فیصد ہے۔

منی پور میں کم ہوئے 6.33 فیصد ووٹرس

منی پور میں بھی تیسرے مرحلے میں ایس آئی آر ہوا، جہاں ووٹرس کی تعداد 20.9 لاکھ سے گھٹ کر 19.3 لاکھ رہ گئی اور آخر میں 19.6 لاکھ ہو گئی۔ اس طرح ریاست میں 6.33 فیصد ووٹرس کی کمی ہوئی۔ یہ کمی تقریباً پنجاب کے برابر ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈرافٹ لسٹ سے ہٹائے گئے تقریباً 17 فیصد نام دوبارہ شامل کر دیے گئے۔

گوا میں 1.3 لاکھ ووٹرس کے نام کٹے

گوا میں دوسرے مرحلے میں ایس آئی آر ہوا تھا۔ ووٹرس کی تعداد 11.85 لاکھ سے گھٹ کر 10.85 لاکھ رہ گئی۔ حتمی فہرست میں یہ مزید کم ہو کر 10.58 لاکھ رہ گئی۔ اس طرح گوا میں تقریباً 1.3 لاکھ یا 10.76 فیصد ووٹرس کی کمی ہوئی۔ ان پانچوں ریاستوں میں گوا واحد ریاست ہے جہاں حتمی ووٹر لسٹ میں ڈرافٹ لسٹ کے مقابلے میں بھی کم نام ہیں۔ یہاں ہٹائے گئے ناموں کی مجموعی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔

قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش اسمبلی (403 اراکین) کی مدت کار آئندہ سال 22 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ دوسری جانب 60 اراکین والی منی پور، 40 اراکین والی گوا، 117 اراکین والی پنجاب اور 70 اراکین والی اتراکھنڈ اسمبلیوں کی مدت کار مارچ 2027 میں الگ الگ تاریخوں پر ختم ہوگی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔