
شردھا دوبے (درمیان میں)، تصویر سوشل میڈیا
گزشتہ کئی دنوں سے سرخیوں میں رہنے والی لکھنؤ کے شیوا شرما قتل معاملہ کی کلیدی ملزمہ شردھا دوبے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اسے مہاراشٹر کے ناگپور سے گرفتار کیا، اور اب اسے اتر پردیش لانے کی تیاری چل رہی ہے۔ قتل واقعہ کے 11 دن بعد پولیس نے 50-50 ہزار روپے کی انعامی رقم والی ملزمہ شردھا دوبے، اس کی بہن رشمی دوبے اور ڈرائیور کو ناگپور میں ایک فلیٹ سے گرفتار کیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ شردھا اپنی بہن اور ڈرائیور کے ساتھ مسلسل برقع پہن کر سفر کر رہی تھی۔ ایس ٹی ایف نے اس کی لوکیشن کا پتہ لگایا اور ناگپور پولیس کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا۔ اب اسے ٹرانزٹ ریمانڈ پر لکھنؤ لایا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شردھا دوبے پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔
سامنے آئی جانکاری کے مطابق شردھا دوبے سڑک کے راستے آگرہ سے ناگپور پہنچی تھی۔ ناگپور میں ایک جاننے والے کے فلیٹ میں اس کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ لوکیشن ملنے کے بعد پولیس ٹیم دیر رات ناگپور کے لیے روانہ ہو گئی تھی۔ پولیس نے منگل کی دوپہر چھاپہ مار کر فلیٹ سے تینوں کو ایک ساتھ گرفتار کر لیا۔ شیوا شرما قتل معاملے کی کلیدی ملزمہ شردھا دوبے کی گرفتاری کے لیے لکھنؤ پولیس کو اتر پردیش ایس ٹی ایف کا بھرپور تعاون حاصل ہوا۔ منگل کو ہی اتر پردیش ایس ٹی ایف کو بھی شردھا کی گرفتاری کے احکامات دیے گئے تھے، تاہم معاملے کی جانچ لکھنؤ پولیس ہی کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ شردھا دوبے تقریباً 11 دن سے فرار تھی۔ پہلے وہ نیپال چلی گئی تھی، جس کے بعد لکھنؤ واپس آئی۔ لکھنؤ میں اس نے ایک چینل کو اپنا بیان دیا اور پھر فرار ہو گئی۔ مسلسل لکھنؤ پولیس شردھا کو گرفتار کرنے کی کوششیں کر رہی تھی، لیکن کامیابی نہیں مل رہی تھی۔ ناگپور میں اس کا لوکیشن ٹریک ہونے کے بعد انتہائی مستعدی کے ساتھ کام کیا گیا اور ناگپور پولیس کی مدد سے گرفتاری کو انجام دیا گیا۔
واضح رہے کہ لکھنؤ کے حضرت گنج واقع اودھ گرین اپارٹمنٹ میں 9 اکتوبر 2026 کو کیفے چلانے والے شیوا شرما کی چوتھی منزل سے گر کر موت ہو گئی تھی۔ ابتدائی طور پر اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ شیوا نے خودکشی کی ہے، حالانکہ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ یہ قتل ہے اور شردھا کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آخرکار پولیس کو 11 دن بعد بڑی کامیابی ملی، اور اس نے شردھا کے ساتھ ساتھ اس کی بہن اور ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا۔ اب امید کی جا رہی ہے کہ پولیس پوچھ تاچھ کے بعد شیوا شرما کی موت کے راز سے جلد ہی پردہ اٹھ جائے گا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔