قومی خبریں

مودی حکومت کے 12 سالہ دور کا غیر جانب دارانہ آڈٹ کرایا جائے، شیو سینا یو بی ٹی کا مطالبہ

شیو سینا (یو بی ٹی) نے اپنے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریے میں مودی حکومت کے 12 سالہ دور پر شدید تنقید کرتے ہوئے معیشت، اداروں اور جمہوری ڈھانچے کے حوالے سے غیر جانب دارانہ آڈٹ کا مطالبہ کیا ہے

<div class="paragraphs"><p>ادھو ٹھاکرے / آئی اے این ایس</p></div>

ادھو ٹھاکرے / آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے 12 سالہ دورِ اقتدار پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کی غیر جانب دارانہ جانچ یا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان ’سامنا‘ میں شائع ہونے والے ایک اداریے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ دور حکومت ہندوستان کی جمہوری اور انتظامی روایات سے ہم آہنگ نہیں رہا اور اس عرصے میں کئی اہم شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔

Published: undefined

اداریے میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس زمانے میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ جیسی اہم تعلیمی اور تحقیقی اداروں کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ شیو سینا کے مطابق اس دور کی ترجیحات میں قومی تعمیر، عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ اور سماج میں فرقہ وارانہ و مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا شامل تھا۔

اداریے میں الزام لگایا گیا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، مرکزی تفتیشی بیورو، محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس سمیت مختلف مرکزی ایجنسیوں کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس طرز عمل کے نتیجے میں آئینی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور کئی خود مختار اداروں کی آزادی متاثر ہوئی۔ اداریے میں انتخابی کمیشن اور اعلیٰ عدالتی اداروں کی خود مختاری کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

Published: undefined

معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے شیو سینا نے دعویٰ کیا کہ اس عرصے میں ہندوستانی معیشت کمزور ہوئی، روپے کی قدر میں گراوٹ آئی اور زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ بڑھا۔ پارٹی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ قومی مفادات کو بعض بڑے صنعت کاروں کے حق میں استعمال کیا گیا۔ اداریے میں بے روزگاری، خواتین کے خلاف جرائم میں اضافے اور کسانوں کی خودکشی جیسے مسائل پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ساتھ ہی یہ دعویٰ کیا گیا کہ ملک کے تقریباً 80 کروڑ افراد مفت راشن کی اسکیموں پر انحصار کر رہے ہیں۔

Published: undefined

شیو سینا نے موجودہ سیاسی ماحول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی قربانیوں اور فوجی کارروائیوں کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اداریے میں آپریشن بلیو اسٹار، پلوامہ حملہ، پہلگام واقعہ اور کارگل جنگ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

پارٹی نے اپنے اداریے میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ اگرچہ ماضی میں انگریزوں نے ملک کا استحصال کیا تھا لیکن موجودہ دور میں حالات مزید سنگین شکل اختیار کر گئے ہیں۔ شیو سینا (یو بی ٹی) نے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ 12 سال کے حکومتی دور کا غیر جانب دارانہ آڈٹ کرایا جائے تاکہ عالمی اور ملکی سطح پر ہندوستان کی حقیقی صورتحال کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined