
ویڈیو گریب
اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ جاری کی ہے، جو انتہائی معنی خیز ہے۔ اس پوسٹ کی ابتدا کچھ اس طرح سے ہے ’’نوئیڈا میں سڑک کے درمیان ’خزانے کا خفیہ راستہ‘ ملا ہے۔‘‘ اس جملے میں خزانہ کا راستہ ملنے کی بات ضرور کہی گئی ہے، لیکن یہ طنز آمیز ہے، کیونکہ اس پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی لگائی گئی ہے جس میں نوئیڈا کی ایک سڑک کے کنارے موجود ایک بڑے سوراخ نما گڈھا کو دکھایا گیا ہے۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گڈھے کے چاروں طرف ٹریفک پولیس کا بریکیڈ لگایا گیا ہے تاکہ کوئی حادثہ نہ پیش آئے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے جارحانہ رویہ اختیار کرنے یا تلخ تبصرہ کرنے سے پرہیز کرتے ہوئے مزاحیہ انداز اپنایا ہے۔ حالانکہ یہ مزاحیہ انداز بھی زخم پر نمک لگانے سے کم نہیں ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت اب اس خزانہ کو تلاش کرے گی اور ملک سے غریبی-غربت ہٹا دے گی، مہنگائی-بے روزگاری مٹا دے گی۔‘‘
اس پوسٹ میں کانگریس نے طنز کو مزید گہرا کرتے ہوئے آگے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’کچھ لوگ اسے بی جے پی کی بدعنوانی اور کمیشن کا گڈھا کہیں گے، آپ ان کی باتوں میں نہ آئیں اور نریندر مودی کو ’تھینک یو‘ بول کر جائیں۔‘‘ ویڈیو کو دیکھنے اور کانگریس کی اس پوسٹ کو پڑھنے کے بعد کسی کو بھی یہ سمجھنے میں دشواری نہیں ہوگی کہ اپوزیشن پارٹی نے مودی حکومت میں ہو رہی بدعنوانی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ دراصل ملک کی مختلف ریاستوں سے مسلسل سڑکوں اور پلوں کے ٹوٹنے یا دھنسنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کئی تصویریں اور ویڈیوز تو ایسی سامنے آ چکی ہیں، جن میں کروڑوں خرچ کر بنائی گئی نئی سڑکیں اور پل کی خستہ حالی 15-10 دنوں میں ہی عیاں ہو رہی ہیں۔ خاص طور سے اتر پردیش کے کئی علاقوں میں نئی و پرانی سڑکوں کے ٹوٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نوئیڈا کی تازہ ویڈیو اسی سلسلہ کی ایک نئی کڑی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔