قومی خبریں

’ذرا بھی شرم ہے تو اب استعفیٰ دے دیں‘، جسٹس بھوئیاں کے تبصرہ پر اپوزیشن نے گیانیش کمار کو دی نصیحت

جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جسٹس اُجول بھوئیاں کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر گیانیش کمار میں ذرا بھی شرم باقی ہے تو انھیں فوراً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، گرافکس ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia

 

جسٹس اُجول بھوئیاں کے ذریعہ الیکشن کمیشن پر کیے گئے تبصرہ نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے لیے مشکلیں مزید بڑھا دی ہیں۔ اپوزیشن نے ایک بار پھر گیانیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ زور و شور سے کرنا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جسٹس بھوئیاں کی وہ ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں وہ ووٹ کا حق تلف کیے جانے پر اپنی فکر ظاہر کر رہے ہیں۔ اس پوسٹ کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بے خوف جسٹس اُجول بھوئیاں کل حیدر آباد کی نالسار یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے نظر آئے، جہاں انھوں نے چیف الیکشن کمشنر کو پوری طرح بے نقاب کر دیا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’اگر گیانیش کمار میں ذرا بھی شرم باقی ہے تو انھیں فوراً استعفیٰ دے دینا چاہیے۔‘‘ وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’جی-2 کے غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ان کی صلاحیت اب انھیں ملک کے لیے ایک بوجھ بنا چکی ہے۔‘‘

اس معاملہ پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کی ہے۔ اس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’’میں ہندوستان میں جمہوریت کو بچانے کے لیے آزاد اور منصفانہ انتخابات کے شہریوں کے حق کا مسئلہ اٹھانے پر سپریم کورٹ کے موجودہ جج اجول بھوئیاں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف جسٹس صاحب، اب آپ کے کیریئر میں کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے، سوائے شاید ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والے فوائد کے۔ اگر آپ کو برا لگے تو براہ کرم مجھے معاف کریں، لیکن اگر معزز سپریم کورٹ کو لگتا ہے کہ میں عدالت کی توہین کر رہا ہوں تو میں جیل جانے کو بھی تیار ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں 1972 سے عوامی زندگی میں ہوں اور 1977 سے ریاستی اور مرکزی اسمبلیوں/پارلیمنٹ کا رکن رہا ہوں۔ عدلیہ کے تئیں میرا ہمیشہ احترام رہا ہے۔ آپ 1993 سے 2003 کے درمیان مدھیہ پردیش کے رہے ریٹائرڈ چیف جسٹسوں سے پوچھ سکتے ہیں، لیکن میں نے کبھی بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے شہریوں کے حقوق کے خلاف اتنی یک طرفہ زیادتی ہوتے نہیں دیکھی۔‘‘ آخر میں چیف الیکشن کمیشن کو نشانے پر لیتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ ’’مسٹر گیانیش کمار، آپ کو شرم آنی چاہیے۔ آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ تاریخ آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔