ریکھا گپتا کی حلف برداری / آئی اے این ایس
نئی دہلی: بی جے پی کی ریکھا گپتا نے دہلی کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ رام لیلا میدان میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت این ڈی اے کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے کابینہ کے وزراء نے حلف لیا، جن میں پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندرراج، کپِل مشرا اور پنکج سنگھ شامل تھے۔
Published: undefined
تقریب کے لیے تین الگ الگ اسٹیج تیار کیے گئے تھے۔ مرکزی اسٹیج پر وزیر اعظم نریندر مودی، لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ، نامزد وزیر اعلیٰ، ان کی کابینہ کے اراکین اور این ڈی اے کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔ دوسرے اسٹیج پر مذہبی رہنما اور معزز مہمان موجود تھے، جبکہ تیسرے اسٹیج پر موسیقی کے پروگرام سے وابستہ فنکار تھے۔
Published: undefined
بدھ کی شام بی جے پی کے اسمبلی پارٹی اجلاس میں ریکھا گپتا کو وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "وزیر اعظم مودی نے دہلی کے عوام کے لیے جو وژن دیا ہے، اسے پورا کرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔ میں وزیر اعظم مودی اور پارٹی قیادت کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ جیسی ایک عام خاندان کی بیٹی پر اعتماد کیا۔ یہ اعزاز صرف میرا نہیں، بلکہ ملک کی ہر ماں اور بیٹی کا ہے۔‘‘
Published: undefined
ریکھا گپتا دہلی کی شالی مار باغ سیٹ سے پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی بندنا کماری کو 29,595 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج آئے تھے، جس میں بی جے پی نے 26 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 70 میں سے 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ عام آدمی پارٹی 22 سیٹوں تک محدود ہو گئی۔
Published: undefined
حلف لینے سے قبل، ریکھا گپتا نے مرگھٹ ہنومان مندر جا کر آشیرواد لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ گزشتہ 12 سالوں میں بدعنوانی میں ملوث افراد کو جوابدہ بنایا جائے گا اور عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب لیا جائے گا۔
ریکھا گپتا نے اپنی حکومت کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو ہر حال میں پورا کرے گی، خاص طور پر خواتین کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا، "ہم نے اپنی بہنوں سے جو وعدے کیے ہیں، انہیں ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔"
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined