
لکھیم پور تشدد معاملے کے ملزم آشیش مشرا کی رہائی سے متعلق کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے دھرنے کی تنبیہ دی ہے۔ راکیش ٹکیت کا کہنا ہے کہ کسانوں پر گاڑی چڑھانے والے ملزم آشیش مشرا اگر جیل سے باہر آیا تو ہم جیل کے باہر ہی دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ لکھیم پور میں کسانوں پر گاڑی چڑھانے کے ملزم آشیش مشرا کی آج شام تک رہائی ہو سکتی ہے۔ فی الحال جو ممکنہ وقت ہے وہ 5 بجے بتایا جا رہا ہے۔ اس تعلق سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے دھرنا دینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ کسان فیملی کو جب تک انصاف نہیں ملتا تب تک ہم یہ لڑائی لڑتے رہیں گے۔ راکیش ٹکیت نے واضح لفظوں میں کہا کہ کسان فیملی کے ساتھ ہم جیل سے باہر دھرنا دیں گے۔
اس سے پہلے ایک جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ کسانوں کو مارنے والا اتنی جلدی جیل سے باہر کیسے آ رہا ہے۔ انھوں نے آشیش مشرا کی رہائی سے متعلق ہو رہی کاغذی کارروائی کے درمیان مہلوک کسانوں کے کنبہ کو انصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ جب تک انصاف نہیں ملتا، ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔