قومی خبریں

کشمیر میں بارش و برف باری کا سلسلہ جاری، موسم میں جلد بہتری متوقع

وادی کشمیر میں جاری نامساعد موسمی حالات کے بیچ محکمہ موسمیات نے 16 نومبر کی سہ پہر سے موسم میں نمایاں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں جاری نامساعد موسمی حالات کے بیچ محکمہ موسمیات نے 16 نومبر کی سہ پہر سے موسم میں نمایاں بہتری واقع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ بتادیں کہ وادی میں امسال ماہ نومبر کے ابتدائی ایام میں ہی بھاری برف سے پیدا شدہ صورتحال نے چلہ کلان سے قبل ہی چلہ کلان جیسا موسم پیدا کیا جس سے لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

Published: undefined

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے تاہم 16 نومبر کی سہ پہر سے موسم میں نمایاں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا جموں کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں بھی برف باری ہوسکتی ہے لیکن کسی قسم کی کوئی موسمی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

Published: undefined

وادی میں جمعہ کے روز مطلع دن بھر ابر آلود رہا اور وقفہ وقفہ سے ہلکی سی بارشیں بھی ہوئیں اگرچہ آفتاب نے بادلوں کی اوٹ سے کئی بار باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن تمام کاوشیں نقش بر آب ہی ثابت ہوئیں۔ گلمرگ سے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق جمعہ کے روز گلمرگ میں وقفہ وقفہ سے برف باری ہوئی جس سے وہاں موجود سیاحوں، جن کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے، کو لطف اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا۔

Published: undefined

ادھر وادی میں بے وقت اور غیر متوقع بھاری برف کی وجہ سے جہاں سردی کی شدت میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے وہیں کسانوں اور میوہ باغات مالکوں کو بھاری نقصان سے دوچار ہونا پڑا، حالیہ بھاری برف باری سے مالی نقصان کے علاوہ جانی نقصان بھی ہوا۔
لوگوں نے سردی سے بچنے کے لئے چلہ کلان سے پہلے ہی چلہ کلان کے دوران پہنے جانے والے گرم ملبوسات کو استعمال کرنا شروع کیا ہے نیز کانگڑیوں کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری دفتروں میں گرمی کے لئے گیس و بجلی پر چلنے والے ہیٹروں کا استعمال کیا جانا بھی شروع ہوا ہے۔

Published: undefined

دریں اثنا وادی کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کی شام سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہے جبکہ تاریخی مغل روڑ اور سری نگر لیہہ شاہراہ کے علاوہ کپواڑہ مژھل روڑ اور گریز روڑ لگاتار بند ہیں۔ متعلقہ محکمہ کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مسافر ومال بردار گاڑیاں گزشتہ شام سے ہی درماندہ ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سری نگر سے جموں پہنچنے کے لئے شاہراہ پر گھنٹوں تک گنجلگ ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔

Published: undefined

فردوس احمد نامی ایک شہری نے یو این آئی اردو کے ساتھ 'جموں سفر' کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا: 'مجھے جموں کا سفر براستہ قومی شاہراہ، کرنے کے لئے 27 گھنٹے لگ گئے، اس دوران مجھے کن مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ان کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا'۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم کی ناسازگاری جہاں گراں بازاری کا باعث بن گئی ہے وہیں ہوائی ٹکٹوں کی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined