قومی خبریں

دہلی، اتر پردیش اور بہار میں بارش کا الرٹ، مہاراشٹر میں سیلاب کا خطرہ لاحق

آج دہلی میں دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35  ڈگری سینٹی گریڈ اور کم از کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بارش کا دور جاری/ویڈیو گریب</p></div>

بارش کا دور جاری/ویڈیو گریب

 

محکمۂ موسمیات نے ملک کے کئی حصوں میں آئندہ 7 دنوں تک شدید ترین بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 2 فعال کم دباؤ والے علاقوں اور مانسون ٹرف کے اثرات کی وجہ سے شمالی، وسطی، مشرقی ہندوستان اور مغربی ساحلی علاقوں کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ آج دہلی میں دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت35  ڈگری سینٹی گریڈ اور کم از کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ آج اتر پردیش، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں موسم کیسا رہے گا۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی-این سی آر، ہریانہ، پنجاب، اتر پردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں 27 سے 31 جولائی کے درمیان شدید بارش ہو سکتی ہے۔

ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مغربی اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ کے بعض علاقوں میں شدید بارش کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ گجرات، کونکن، گوا، وسطی مہاراشٹر اور سوراشٹر کچھ میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور ودربھ میں بھی آئندہ ہفتے تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں آج شدید بارش کا امکان ہے۔ کیرالہ، ساحلی کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور تمل ناڈو کے کئی حصوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر40  سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے ممبئی، ٹھانے، پالگھر، رائے گڑھ، رتناگیری، چھتیس گڑھ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے بعض اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اچانک سیلاب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں کے زیرِ آب آنے کا اندیشہ بھی ہے۔ آئی ایم ڈی نے 26  سے 30 جولائی کے دوران بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال میں سمندر کے شدید طغیانی رہنے کی وارننگ دی ہے، اور ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران زیرِ آب علاقوں میں جانے سے گریز کریں، سفر سے پہلے ٹریفک کی تازہ صورتحال معلوم کر لیں اور کمزور یا خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔