قومی خبریں

21 ریاستوں میں بارش کا الرٹ، مدھیہ پردیش و مہاراشٹر میں سیلاب کا خطرہ لاحق، دہلی-این سی آر میں موسم خوشگوار

آئی ایم ڈی نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، پانی جمع ہونے والے علاقوں میں نہ جانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>شدید بارش کے بعد پیدا حالات/ آئی اے این ایس</p></div>

شدید بارش کے بعد پیدا حالات/ آئی اے این ایس

 

ہندوستان کے کئی حصوں میں مانسون ایک بار پھر پوری طرح فعال ہو گیا ہے۔ دہلی-این سی آر میں گزشتہ رات ہونے والی بارش سے لوگوں کو حبس بھری گرمی سے بہت راحت ملی۔ آج بھی دہلی-این سی آر میں موسم انتہائی خوشگوار ہے۔ علاوہ ازیں محکمۂ موسمیات نے آئندہ 7 دنوں کے لیے کئی ریاستوں میں شدید سے بہت شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ راجستھان، گجرات، کونکن-گوا اور وسطی مہاراشٹر میں آج بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دہلی، ہریانہ، پنجاب، اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی آنے والے دنوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق آج دہلی میں عام طور پر آسمان ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی راجستھان اور اس سے متصل مدھیہ پردیش کے اوپر کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے۔ اس کے اثر سے شمالی، مغربی اور وسطی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔

آئی ایم ڈی کے مطابق آج مشرقی راجستھان، گجرات، کونکن-گوا اور وسطی مہاراشٹر میں بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، جموں و کشمیر، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، آسام-میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، مدھیہ پردیش، ودربھ اور ساحلی کرناٹک میں بھی کئی مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں 25 جولائی سے بارش کی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ 27 سے 29 جولائی کے درمیان ان ریاستوں میں بعض مقامات پر بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی اتر پردیش میں 28 اور 29 جولائی، جبکہ مشرقی اتر پردیش میں 27 سے 29 جولائی کے درمیان شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے ساتھ کئی ریاستوں میں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ راجستھان، مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، تلنگانہ، تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرلم سمیت کئی ریاستوں میں آندھی اور طوفان کی بھی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

اس درمیان محکمۂ موسمیات نے گجرات، کونکن-گوا، وسطی مہاراشٹر اور مغربی مدھیہ پردیش کے کئی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، سڑکوں کے زیر آب آنے اور ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، پانی جمع ہونے والے علاقوں میں نہ جانے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ کسانوں کو کھیتوں سے اضافی پانی نکالنے اور زراعت سے متعلق کام موسم معمول پر آنے تک ملتوی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وہیں ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔