قومی خبریں

بنگلورو کے 60 بڑے ہوٹلوں پر چھاپے ماری، مہینوں پرانا سڑا ہوا گوشت اور ایکسپائر دودھ، دہی و سبزیاں برآمد

افسران نے کل 77 غذائی اجزاء کے نمونے اکٹھے کیے اور انہیں لیبارٹری بھیجا ہے۔ چھاپہ ماری کے دوران 640 کلو گرام چکن، مٹن اور مچھلی، 276 کلو گرام سڑی سبزیاں، 45 لیٹر ایکسپائر دودھ اور دہی ملیں۔

<div class="paragraphs"><p>ریسٹورینٹ کی علامتی تصویر، سوشل میڈیا</p></div>

ریسٹورینٹ کی علامتی تصویر، سوشل میڈیا

 

بنگلورو میں ’فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ‘ کی چھاپے ماری کی مہم جاری ہے۔ ’فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ‘ نے 3 دنوں میں تقریباً 60 بڑے ہوٹلوں پر چھاپے ماری کی ہے۔ اس چھاپہ ماری کے دوران ہوٹل سے سڑا ہوا گوشت، ایکسپائر غذائی اجزاء، سڑی ہوئی سبزیاں اور استعمال کیا ہوا کھانا پکانے والا تیل ملا ہے۔ ساتھ ہی فوڈ سیفٹی کی کئی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں۔ افسران نے بتایا ہے کہ حیرت انگیز طور پر ایک برس سے زیادہ پرانی نان ویجیٹیرین اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔ چھاپے ماری کے دوران ’فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ‘ کے افسران نے کل 77 غذائی اجزاء کے نمونے اکٹھے کیے اور انہیں لیبارٹری میں بھیجا ہے۔ جائزے کے دوران 640 کلو گرام چکن، مٹن اور مچھلی، 276 کلو گرام سڑی ہوئی سبزیاں، 45 لیٹر ایکسپائر دودھ اور دہی، 12 کلو گرام بیکری کی مصنوعات اور 67 کلو گرام ایکسپائر اور غلط لیبل والی اشیائے خورد و نوش ضبط کر لی گئیں۔ اس کے علاوہ 49 لیٹر استعمال کیا ہوا کھانا پکانے کا تیل بھی ضبط کیا گیا ہے۔

ایک برس سے زیادہ پرانے اور ایکسپائری ڈیٹ کے نان ویجیٹیرین اجزاء کی برآمدگی نے افسران کو پریشان کر دیا ہے۔ جانچ کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایکسپائری غذائی اجزاء کو دوبارہ پیک کر کے استعمال کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔ افسران نے بنگلورو کے اہم علاقوں یو بی سٹی، ایم جی سٹی اور بریگیڈ روڈ میں واقع ہوٹلوں اور ریستوراں کے باورچی خانوں میں فوڈ اسٹوریج کا جائزہ لیا۔ ہوٹل اسکائی میں 45 کلو سڑا ہوا چکن اور مبینہ طور پر گائے کا گوشت، 6 کلو ویجیٹیبل کٹلیٹ اور 15 لیٹر استعمال کیا ہوا کھانہ پکانے کا تیل ملا۔ رائل چین ہوٹل سے 50 کلو بطخ کا گوشت بھی ضبط کیا گیا ہے۔ 5 کلو سڑی ہوئی مچھلی بھی ضبط کی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیسکون ہوٹل میں 5 کلو خراب مشروم پائے گئے ہیں۔ سانچیز ہوٹل سے بھی 3 کلو خراب مچھلی، 7 کلو خراب کیک، آلو اور دیگر کھانے کی چیزیں ضبط کی گئی ہیں۔

چھاپہ ماری کے دوران کچھ ہوٹلوں میں غذائی اجزاء کی حالت دیکھ کر افسران حیران رہ گئے۔ افسران نے بتایا کہ پنیر پیکٹوں میں مرے ہوئے کاکروچ، مشروم میں پھپھوند اور بے بی کارن میں کیڑے ملے ہیں۔ فریزر سے گوشت کی اشیاء بھی ملی ہیں۔ یو بی سٹی میں واقع ہوٹل اسکائی کے باورچی خانے میں بڑی مقدار میں خراب گوشت اور دیگر غذائی اشیاء ضبط کرنے کے بعد سیل کر دیا گیا ہے۔ ضبط کی گئی غذائی اشیاء کے نمونے لیب بھیج دیے گئے ہیں۔ افسران نے بتایا ہے کہ لیب کی رپورٹ آنے کے بعد قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں اور کھانے پینے کے اداروں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ’فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ‘ کے افسران کی مہم صرف اسٹار ہوٹلوں تک محدود نہیں ہے۔ کے ایف سی، میکڈونلڈز اور سبوے سمیت کئی فوڈ مقامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ضابطوں کی تعمیل کے لیے فوڈ گوداموں کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ افسران نے بتایا کہ بریگیڈ روڈ پر میکڈونلڈ میں استعمال شدہ کوکنگ آئل کو صاف کرنے کے لیے میگنیشیم سلفائٹ کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ فوڈ سیفٹی رولز کے لحاظ سے یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔