
تصویر بشکریہ ایکس
دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے پوڑی گڑھوال میں منعقدہ سابق فوجیوں کے ایک اجتماع سے ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگنی ویر اسکیم فوجی اور حکومت کے درمیان موجود مقدس رشتے کو توڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے پر اس اسکیم کا جائزہ لے کر اسے ختم کر دے گی۔
راہل گاندھی نے خطاب کے آغاز میں پروگرام میں ذاتی طور پر شریک نہ ہو پانے پر معذرت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پنت نگر تک پہنچ گئے تھے اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے الموڑا اور دیگر مقامات کا دورہ کرنا تھا، تاہم خراب موسم کے باعث پائلٹ نے آگے پرواز کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر سفر منسوخ کرنا پڑا، تاہم ویڈیو کال کے ذریعے شرکاء سے رابطہ ممکن ہو سکا۔
Published: undefined
انہوں نے سابق فوجیوں اور اتراکھنڈ کے عوام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ہمیشہ ملک کی مسلح افواج کو قابل اور بہادر جوان فراہم کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج میں شامل ہونے والا ہر شخص ملک کی خدمت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتا ہے اور فوجی و حکومت کے درمیان ایک غیر تحریری مگر مضبوط عہد موجود ہوتا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اگنی ویر اسکیم اس عہد کی روح کے خلاف ہے۔ ان کے مطابق فوجی اپنے مستقبل اور جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہوتا ہے، جبکہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اس کے خاندان اور مستقبل کا تحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی ویر اسکیم اس یقین کو کمزور کرتی ہے، اسی لیے کانگریس مسلسل اس کی مخالفت کر رہی ہے۔
Published: undefined
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سابق فوجیوں کے بعض حقوق کو بھی محدود کر رہی ہے۔ انہوں نے معذوری پنشن اور ون رینک ون پنشن جیسے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوجیوں اور سابق فوجیوں کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جانا چاہیے۔
اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کی۔ انہوں کہا کہ حکومت کی بعض پالیسیوں سے بڑے صنعت کاروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دفاعی معاہدوں اور دیگر اقتصادی معاملات پر بھی سوالات اٹھائے۔
Published: undefined
راہل گاندھی نے کہا کہ ملک کو مضبوط بنانے کے لیے فوجیوں، کسانوں اور نوجوانوں کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے سابق فوجیوں کو یقین دلایا کہ کانگریس فوج اور حکومت کے درمیان اعتماد کے رشتے کو برقرار رکھنے کے لیے کام کرے گی۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر خراب موسم کے باعث پروگرام میں نہ پہنچ پانے پر افسوس ظاہر کیا اور مستقبل میں اتراکھنڈ کا دورہ کر کے عوام اور سابق فوجیوں سے براہ راست ملاقات کا وعدہ کیا۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined