
لکھنو: اترپردیش کے مختلف اضلاع میں اتوار کو بارش سے متعلق حادثات میں کم از کم دس لوگوں کی موت ہوگئی۔ سرکاری ترجمان نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اضلاع سے ملی اطلاع کے مطابق ہردوئی، مرادآباد، امبیڈکرنگر اور ہاتھرس میں سانپ کے کاٹنے سے ایک ایک شخص کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ مرزا پور، پرتاپ گڑھ میں دو دو اور پریاگ راج میں ایک شخص کی بجلی گرنے سے موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ امیٹھی میں ژالہ باری سے ایک شخص کی موت ہونے کی خبر ہے۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST
کابل: افغانستان کے صوبہ غور میں اتوار کو دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں کم از کم سات بچوں کی موت ہو گئی، جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے دفتر نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ابھی تک کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔ اس سے قبل غزنی شہر میں طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 12 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے اور 170 دیگر کو زخمی ہوگئے۔
افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی بمباری کی سخت مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ اس سے بنیاد پرست تحریک کے قول و عمل کے درمیان تضاد ظاہر ہوگیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ "ایسے دہشت گردانہ حملے کے ساتھ طالبان نے اپنے قول اور فعل کے درمیان تضاد دکھایا ہے۔ ایک طرف وہ قطر میں امن کی بات کر رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے جنگجو ہر روز بچوں اور خواتین سمیت معصوم لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔
یہ واقعات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب طالبان کے رہنماؤں پر مشتمل ایک غیر سرکاری وفد اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ سٹی میں دو روزہ بین- افغان امن مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔ افغان مذاکرات کے اہم مقاصد میں سے ایک افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے لئے وقت مقرر کرنے پر اتفاق رائے قائم کرنا ہے۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST
ممبئی: کرناٹک میں جمہوری طریقے سے منتخب ہوئی کانگریس و راشٹریہ جنتادل کی حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور جس کے لئے مرکزی حکومت سے لے کر دیگر بی جے پی اقتدار والی ریاستوں کی مشینری کا غلط استعمال کرتے ہوئے بی جے پی کی جانب سے جمہوریت کا گلا گھوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ سخت تنقید آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اشوک چوہان نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آمرانہ ذہنیت رکھنے والی بی جے پی لیڈران کا واحد ایجنڈا حزبِ مخالف کی حکومت نہ چلنے دینے کا ہے۔ اس کے لئے سام، دام، ڈنڈ، بھید کا استعمال اور حکومتی مشینری کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ گوا، منی پور، اروناچل پردیش و بہار میں اسی کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی نے اقتدار حاصل کیا ہے اور اب مغربی بنگال و کرناٹک میں بی جے پی کی وہی کوشش شروع ہے۔
اشوک چوہان نے کہا کہ کرناٹک حکومت گرانے کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ مہاراشٹر کی فڑنویس حکومت بھی کوششیں کر رہی ہے۔ ریاست کے وزراءعوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے کرناٹک حکومت گرانے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کے لیڈران کے ذریعے کانگریس کے ممبران اسمبلی کو ذاتی طیارے سے ممبئی لاکر فائیو اسٹار ہوٹلوں میں انہیں رکھا جارہا ہے۔ ملک کی سب سے امیر پارٹی بی جے پی کی جانب سے پیسوں کا لالچ دے کر اور اقتدار کا غلط استعمال کرکے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ یہ جمہوریت کی بدقسمتی اور انتہائی افسوسناک بات ہے۔ بی جے پی کی ان حرکتوں سے ملک میں جمہوریت کو زبردست خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST
رباط: لیبیا کی راجدھانی طرابلس کے مشرقی علاقہ تاجورہ میں واقع تارکین وطن کے سینٹر پر فضائی حملے میں سات مراکشی باشندوں کی موت ہوگئی۔ مراکش کی وزارت خارجہ کی طرف ہفتہ کے روز جاری بیان میں بتایا گیا کہ تارکین وطن کے سینٹر میں کل 18 مراکشی شہری تھے، جو فضائی حملے کی زد میں آئے ہیں۔ حملے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور تین دیگر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت مراکش مہلوکین کی لاشوں کو واپس لانے اور زخمیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لئے لیبیا کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کی دیر رات کو طرابلس کے مشرقی علاقے تاجورہ میں واقع تارکین وطن کے مرکز پر فضائی حملے میں کم سے کم 53 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور 130 دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST
نئی دہلی: ہریانہ کی مشہور رقاصہ اور گلوکارہ سپنا چودھری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں باضابطہ طور پر شامل ہو گئیں۔ بی جے پی کی ملک بھر میں چلائی جا رہی رکنیت مہم کے تحت یہاں منعقد ایک تقریب میں سپنا چودھری پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئیں ۔
اس موقع پر بی جے پی نائب صدر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، تنظیم کے جنرل سیکریٹری رام لال، بی جے پی کے دہلی انچارج شیام جاجو،مرکزی وزیر ہرش وردھن اور دہلی بی جے پی صدر سمیت دیگر سینئر لیڈر اور بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے۔ سپنا چودھری نے اس با ر کے عام انتخابات میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری کے حق میں انتخابی تشہربھی کی تھی ۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jul 2019, 3:09 PM IST